حضرت شاہ رکن عالم کے 702 ویں عرس کی تقریبات کا آغاز

Published On 14 Feb 2016 11:29 AM 

تین روزہ تقریبات کے پہلے روز شاہ محمود قریشی نے مزار کو غسل دیا ، ملک بھر سے ہزاروں عقیدت مندوں کی شرکت

ملتان (دنیا نیوز ) جنوبی ایشیا کے روحانی پیشوا حضرت شاہ رکن عالم کے 702 ویں 3 روزہ سالانہ عرس کی تقریبات کا آغاز سجادہ نشین مخدوم شاہ محمود قریشی نے غسل دیکر کر دیا ، عرس میں ملک بھر سے ہزاروں کی تعداد میں زائرین شرکت کر رہے ہیں ۔ جنوبی ایشیا کے عظیم روحانی پیشوا شیخ الاسلام حضرت شاہ رکن الدین عالم کی 3 روزہ تقریبات کا آغاز سجادہ نشین مخدوم شاہ محمود قریشی نے غسل دیکر کیا ۔ اس موقع پر مذہبی سیاسی سماجی شخصیات نے شرکت کی ، عرس میں ملک بھر سے زائرین ہزاروں کی تعداد میں شرکت کر رہے ہیں ۔ محکمہ اوقاف اور ضلعی انتظامیہ نے زائرین کی سہولت کے لئے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں ۔ زائرین کی رہائش کے لئے دربار سے ملحقہ حج کمپلیکس اور سکولز کو خالی کرالیا گیا ہے جبکہ لنگر کا انتظام بھی کیا ہے ۔ اس کے علاوہ میڈیکل کیمپس بھی لگائے گئے ہیں جبکہ زائرین کو دربار تک لانے کے لئے شٹل سروس بھی شروع کی گئی ہے ۔ عرس میں سیکورٹی کے سخت اقدامات کئے گئے ہیں ۔ دربار کے اطراف میں پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے جو مکمل چیکنگ کے بعد زائرین کو اندر آنے دیا جاتا ہے ۔