کوٹلی :کارکنوں کی ہلاکت کے خلاف پیپلز پارٹی کا کل یوم سیاہ منانے کا اعلان

Published On 14 Feb 2016 02:18 PM 

پارٹٰی کارکنوں نے احتجاج کرتے ہوئے نکیال کوٹلی روڈ کو بند کر دیا ، کل وادی میں واقعے کیخلاف ریلیاں نکالی جائیں گی

کوٹلی (دنیا نیوز ) کوٹلی میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نون کے کارکنوں میں تصادم کے بعد آج بھی صورتحال کشیدہ ہے ، پیپلز پارٹی نے احتجاج کرتے ہوئے نکیال کوٹلی روڈ بند کردی ۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر چودھری عبدالمجید نے کل وادی بھر میں یوم سیاہ منانے اور احتجاجی ریلیوں کا اعلان کیا ہے ۔ کوٹلی میں پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے کارکنوں میں تصادم اور ایک کارکن کی ہلاکت کے بعد آج بھی صورتحال کشیدہ ہے ۔ شہر میں کاروباری مراکز دکانیں بند ہیں جبکہ پولیس اور فوج تعینات ہے ۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر چودھری عبدالمجید نے کل وادی بھر میں یوم سیاہ منانے کا اعلان کیا ہے ۔ اس موقع پر احتجاجی ریلیاں بھی نکالی جائیں گی ۔ ادھر کارکن کی ہلاکت کیخلاف پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے نکیال میں احتجاج کرتے ہوئے کوٹلی روڈ کو بلاک کر دیا ۔ مظاہرین نے اس موقع پر ٹائرجلائے اور نعرے بازی کی ۔ گزشتہ روز ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے کارکنوں کے درمیان تصادم سے پیپلز پارٹی کا ایک کارکن جاں بحق جبکہ چھ افراد زخمی ہوگئے تھے ۔ ہنگامے بڑھنے پرفوج طلب کرلی گئی جبکہ پولیس کو آنسو گیس شیلنگ اور ہوائی فائرنگ کرنا پڑی ۔ پولیس نے ایک درجن سے زائد افراد کو گرفتار کرلیا ہے ۔