پاک فوج نے یرغمال بنائے گئے 5 غیرملکیوں کو بازیاب کرا لیا

Published On 12 Oct 2017 04:54 PM 

پاک فوج کا ایک اور کارنامہ، یرغمال بنائے گئے پانچ غیرملکیوں کو بازیاب کرا لیا گیا، آئی ایس پی آر کے مطابق، بازیاب کرائے جانے والے افراد امریکی اور کینیڈین شہری ہیں۔

راولپنڈی: (دنیا نیوز) آئی ایس پی آر کے مطابق، بازیاب ہونے والوں میں 1 کینیڈین شہری، اس کی امریکی نژاد بیوی اور تین بچے شامل ہیں۔ ان تمام افراد کو افغان دہشتگردوں نے 2012ء میں اغوا کیا تھا۔ امریکی خفیہ اداروں نے کل پاکستان کو ان یرغمال بنائے گئے افراد کے افغانستان سے پاکستان منتقل کئے جانے کی اطلاع دی تھی اور آج پاک فوج نے انہیں دہشتگردوں سے بازیاب کرا لیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، امریکی خفیہ اداروں نے ایک روز پہلے یرغمال خاندان کی افغانستان سے پاکستان منتقلی کی اطلاع دی۔ دہشتگردوں نے مغویوں کو کرم ایجنسی کے ذریعے پاکستان منتقل کیا تو پاکستانی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کامیاب آپریشن کیا اور پانچوں افراد کو بازیاب کرا لیا۔

عسکری ترجمان کا کہنا ہے کہ کامیاب آپریشن سے اس عزم کا اعادہ ہوتا ہے کہ پاکستان دہشتگردی کے خلاف امریکہ کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتا ہے۔ بازیاب کرائے گئے خاندان کو واپس ان کے ملک بھجوایا جا رہا ہے۔