ٹھٹھہ اور نوڈیرو کی مختلف برادریاں تحریک انصاف میں شامل

Published On 11 Dec 2017 06:40 PM 

ٹھٹھہ کی معزز شخصیت حاجی پیر بخش بروہی کا برادری سمیت پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان، ادھر سومرو، لولائی، مرکھیانی، ویسر اور لاشاری برادریاں بھی تحریک انصاف میں شامل ہو گئی ہیں۔

ٹھٹھہ، دھابیجی، نوڈیرو: (نمائندگان دنیا) ٹھٹھہ ضلع کی بروہی برادری کی معزز شخصیت حاجی پیر بخش بروہی کے برادری سمیت پی ٹی آئی میں شمولیت کے اعلان کے موقع پر پی ٹی آئی سندھ کے صدر ڈاکٹر عارف علوی نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ لٹیروں کے ٹولے کا بہت جلد خاتمہ ہونے والا ہے۔ میاں نواز شریف اینڈ کمپنی پاکستان کے عوام کے پیسے کھانے اور عوام کو بد ترین حالات تک پہنچانے کے کیس میں جلد ہی سلاخوں کے پیچھے ہونگے۔ انہوں مزید نے کہا کہ زرداری پارٹی سے سندھ کے عوام نفرت کرنے لگے ہیں جس کا ثبوت سندھ میں پی ٹی آئی کے جلسوں میں عوام کی بڑی تعداد میں شرکت ہے۔ پی پی اب وفاق میں بیٹھنے کے خواب دیکھ رہی ہے جبکہ ان سے ایک صوبہ نہیں چل پا رہا۔

گھارو سے نمائندے کے مطابق ڈاکٹر عارف علوی نے گھارو میں ایک تقریب میں شرکت کے دوران کہا کہ ایک جاگیردار نے سندھ میں جمہوریت کے نام پر صوبے کو کرپشن کا گڑھ بنا دیا ہے اور صوبے کے لوگ آج مفلسی کی زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں۔ دیگر جماعتوں کے رہنما پی ٹی آئی میں اپنی مرضی سے شامل ہو رہے ہیں۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما امیر بخش خان بھٹو کے اعزاز میں پاکستان پیپلز پارٹی کو الوداع کہہ کر پی ٹی آئی میں شامل ہونے والے جونیجو برادری کی معزز شخصیت نذیر حسین جونیجو کی جانب سے رتوڈیرو شہر کی شہزاد کالونی میں استقبالیہ دیا گیا۔ اس موقع پر سومرو، لولائی، مرکھیانی، ویسر اور لاشاری برادری کے معززین انور علی سومرو، غلام اکبر لولائی،رسول بخش مرکھیانی، ندیم احمد ویسر، محمد نواز لاشاری، برکت علی لاشاری، نیاز حسین لاشاری، دلبر خان ویسر، صاحب خان لاشاری، اختیار علی جونیجو، نادر حسین جونیجو اور غلام حسین جونیجو نے اپنی اپنی برادری کے سیکڑوں افراد کے ہمراہ پاکستان پیپلز پارٹی چھوڑ کر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر بخش خان بھٹو نے کہا کہ پی پی پی اور ن لیگ نے کئی کئی باریوں میں ملک کی خوشحالی کے لئے کوئی عملی کام نہیں کیا، صرف اور صرف لوٹ مار کر کے خزانے کو خالی کر کے اپنے پیٹ بھرے ہیں۔ امیر بخش خان بھٹو نے مزید کہا کہ پی پی پی اور ن لیگ کی حکمرانی میں تعلیم، صحت، پینے کاصاف پانی تک میسر نہیں جبکہ بجلی وگیس کی لوڈشیڈنگ،مہنگائی اور بد امنی عروج پر پہنچ چکی ہے۔