کوئٹہ سے کالعدم تنظیم کا اہم سرغنہ گرفتار

Last Updated On 02 May,2018 10:27 am

کوئٹہ: (دنیا نیوز) کوئٹہ میں سیکیورٹی فورسز کی بڑی کامیابی، ہزارہ ٹاؤن دھماکے اور بولان میڈیکل کمپلیکس پر حملے میں ملوث دہشت گرد گرفتار، ملزم عبدالرحیم نے تخریب کاری کی کئی وارداتوں کا اعتراف کر لیا۔

کوئٹہ میں سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم کے اہم سرغنہ کو گرفتار کر لیا۔ دہشتگرد عبدالرحیم نے ہزارہ ٹاؤن، بولان میڈیکل کمپلیکس دھماکے اور مولانا واسع پر حملے سمیت 9 بڑی وارداتوں کا اعتراف کر لیا ہے۔ ولی جیٹھ کے علاقے سے گرفتار ہونے والے دہشتگرد عبدالرحیم کا تعلق کالعدم لشکر جھنگوی کے ولی اللہ گروپ سے ہے۔

ملزم ہزارہ ٹاؤن، بولان میڈیکل کمپلیکس دھماکے اور مولانا عبدالواسع پر حملے سمیت متعدد دہشتگرد کارروائیوں میں ملوث ہے۔ ملزم کے سر کی قیمت 20 لاکھ مقرر تھی۔ دہشتگرد عبدالرحیم تین سال سے خضدار، شیرناک اور لاڑکانہ میں روپوش رہا۔ گرفتاری کے وقت اسلحہ اور گرنیڈ بھی برآمد ہوا۔ ڈی آئی جی سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ ملزم سے تفتیش جاری ہے جس میں مزید اہم انکشافات کا امکان ہے۔

Advertisement