منی لانڈرنگ کے حوالے سے میڈیا رپورٹس پر نوٹس لیا گیا: ترجمان نیب

Last Updated On 09 May,2018 11:26 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان نیب نے کہا ہے بھارت کو چار اعشاریہ نو ارب ڈالر کی منتقلی کے معاملے پر انکوائری میڈیا کی رپورٹ اور ورلڈ بینک کی آن لائن معلومات پر شروع کی۔ جانچ پڑتال قانون کے مطابق ہو رہی ہے جس کا مقصد کسی کی دل آزاری یا انتقامی کارروائی کرنا نہیں ہے۔

نیب کی طرف سے جاری ایک اعلامیہ میں وضاحت کی گئی ہے کہ منی لانڈرنگ کے حوالے سے میڈیا رپورٹس پر نوٹس لیا گیا۔ ترجمان نیب کے مطابق میڈیا پر فروری میں ایک صحافی نے کالم میں انکشاف کیا کہ نواز شریف اور دیگر نے چار ارب نوے کروڑ ڈالر کی رقم پہلے دبئی اور پھر بھارت بھجوائی۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ مبینہ میڈیا رپورٹ پر شکایات کی جانچ پڑتال کا فیصلہ کیا گیا اور منی لانڈرنگ کی تحقیقات نیب کے دائرہ اختیار میں قانون کے مطابق شامل ہے۔ ترجمان نیب کا کہنا ہے کہ جانچ پڑتال قانون کے مطابق ہو رہی ہے جس کا مقصد کسی کی دل آزاری یا انتقامی کارروائی کرنا نہیں ہے۔

نیب اعلامیہ کے مطابق میڈیا رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 201516-ء میں پاکستان کے غیر ملکی زرمبادلہ سے چار ارب نوے کروڑ ڈالر کی منی لانڈرنگ کی گئی۔ نواز شریف کے خاص آدمی سعید احمد نے یہ رقم دبئی بھجوائی اور پھر یہ رقم بھارتی حکومت کے سرکاری خزانے میں تبادلہ کی گئی۔ اس وجہ سے بھارت کے غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر بڑھ گئے۔

ترجمان نے کہا کہ ادارہ کسی انتقامی کارروائی پر یقین نہیں رکھتا، تاہم ملک سے بلا امتیاز بد عنوانی کے خاتمے کے لئے اپنے عزم سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔