سندھ بازی لے گیا، فضل الرحمان نے نگران وزیراعلیٰ کا عہدہ سنبھال لیا

Last Updated On 02 June,2018 09:13 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سابق چیف سیکریٹری فضل الرحمان نے سندھ کے نگراں وزیراعلی کے عہدے کا حلف اُٹھا لیا، تقریب میں اہم سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔

گورنر ہاؤس میں نگراں وزیراعلیٰ سندھ کی حلف برداری کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں گورنر محمد زبیر نے فضل الرحمان سے سندھ کے نگران وزیر اعلی کے عہدہ کا حلف لے لیا۔ تقریب میں سبکدوش ہونے والے وزیر اعلی سید مراد علی شاہ، سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی، مئیر کراچی وسیم اختر، ڈی جی رینجرز میجر جنرل محمد سعید، آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ، سابق صوبائی وزرا نثار کھوڑو، ناصر حسین شاہ، صوبائی سیکریٹریز اور عمائدین شہر نے تقریب میں شرکت کی۔ تقریب کے موقع پر گورنر ہاؤس کے اطراف سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ نگراں وزیراعلیٰ فضل الرحمن کو اپنی رہائشگاہ سے خصوصی پروٹو کول میں گورنر ہاؤس لایا گیا۔

یاد رہے نگراں وزیراعلیٰ سندھ کے لئے پیپلزپارٹی کی جانب سے نامزد کئے جانے والے سابق چیف سیکرٹری سندھ فضل الرحمن یکم ستمبر 1950 کو کراچی میں پیدا ہوئے، فضل الرحمن 2005 سے 2010 تک دو مرتبہ سندھ کے چیف سیکرٹری رہے۔ 2010 میں سیلاب متاثرین کی بحالی میں فضل الرحمن نے اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے سندھ کے سیکرٹری فنانس، سیکرٹری ایکسائز اور دیگر عہدوں پر بھی خدمات سرانجام دیں۔

فضل الرحمن اکاوئنٹنٹ جنرل سندھ کے عہدے پر بھی تعینات رہے، فضل الرحمن اس وقت سندھ کی جامعات میں وائس چانسلرز کی تقرری کمیٹی کے رکن بھی ہیں، سابق چیف سیکرٹری فضل الرحمن کو 2013 میں بھی سندھ کا نگران وزیراعلیٰ بننے کی پیشکش کی گئی جو انہوں نے مسترد کر دی تھی۔
 

Advertisement