نواز شریف نے اداروں کیخلاف کوئی بات نہیں کی، مریم نواز

Last Updated On 03 July,2018 09:18 pm

لندن: (دنیا نیوز) مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں ستر برس سے جو سسٹم میں خرابیاں چلتی آ رہی ہیں، انھوں نے منتخب وزیرِاعظم کی مدت مکمل نہیں ہونے دی۔

لندن میں میڈیا سے گفتگو میں مریم نواز شریف نے الزام عائد کیا کہ مسلم لیگ ن کے امیدواروں کی وفاداریاں زبردستی تبدیل کروائی جا رہی ہیں۔ جیپ کا نشان خلائی مخلوق کا نشان ہے۔ جیپ کے نشان پر مہر لگانے والوں کو پتہ ہونا چاہیے کہ وہ خلائی مخلوق کو ووٹ ڈالیں گے۔

انہوں نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف نے اداروں کے خلاف کوئی بات نہیں کی، میاں صاحب نے کہا تھا کہ اس بات کا پتہ کرنا چاہیے کہ کیسے امیدواروں کو شیر سے اتار کر جیپ میں بٹھایا جا رہا ہے۔ عوام کو چاہیے کہ جیپ کے نشان والوں پر نشان لگا لیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ستر برس سے جو سسٹم میں خرابیاں چلتی آ رہی ہیں، انھوں نے منتخب وزیرِاعظم کی مدت مکمل نہیں ہونے دی۔ خلائی مخلوق والی ذہنیت کی وجہ سے اس ملک کو آئین اور قانون کے مطابق چلانا مشکل ہو گیا ہے۔ ہر ادارے کو اپنی آئینی اور قانونی حدود میں رہ کر کام کرنا چاہیے۔