کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے شیر کی طرح گرفتاری دی، مریم نواز

Last Updated On 08 July,2018 08:36 pm

لندن: (دنیا نیوز) مریم نواز نے اپنے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی گرفتاری پر بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دلیرانہ طریقے سے شیر کی طرح گرفتاری دی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ میاں نواز شریف لندن سے جمعرات کی رات پونے 9 بجے اتحاد ائیرویز کی پرواز نمبر ای وائے 018 سے روانہ ہونگے اور لندن سے براستہ ابوظہبی پہنچیں گے۔ بعد ازاں جمعرات بارہ جولائی کو اتحاد ائیرویز کی پرواز سے پاکستان روانہ ہونگے اور جمعہ کی شام سوا چھ بجے پرواز اے وائے 243 سے لاہور ائیرپورٹ پہنچیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ سینکڑوں کی تعداد میں لوگ ہمارے ساتھ پاکستان جانا چاہتے ہیں۔

اپنے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی گرفتاری پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ میاں صاحب کے سپاہی ہیں اور کروڑوں پاکستانیوں کی طرح ووٹ کو عزت دو کے جھنڈے تلے جمع ہیں، انہوں نے شیر کی طرح دلیرانہ طریقے سے گرفتاری دی۔

اس سے قبل لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ہم جو قربانی دیں گے اس کا ثمر پاکستانی عوام کو ملے گا، چند روز میں لاہور آ رہے ہیں، میاں صاحب نے قدم بڑھا دیا، قوم ان کے پیچھے کھڑی ہے۔

 

مریم نواز کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے جو قربانیاں دیں، وہ کسی نے نہیں دیں۔ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکے، کامیابی جلد ہو گی۔ جو بھی کر لیں ووٹر کو نہیں روکا جا سکتا۔ نواز شریف پہلے لیڈر ہیں جو سزا بھگتنے پاکستان جا رہے ہیں، لوگ سزاسے بچنے کیلئے کمر درد کا بہانہ بنا کر بھاگ جاتے ہیں۔