لاہور (دنیا نیوز) مریم نواز کے خلاف عدالتی فیصلہ آنے کے بعد پاکستان مسلم لیگ نواز کے صدر میاں شہبازشریف نے لاہو ر کے حلقوں سے نئے امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ جاری دئیے۔
تفصیلات کے مطابق، این اے 127 سے مریم نواز کی جگہ علی پرویز کو ٹکٹ جاری کردیا گیا جبکہ پی پی 173 سے عرفان شفیع کھوکھر کو پارٹی ٹکٹ دیا گیا ہے۔ اس سے قبل دونوں حلقوں سے مریم نواز امیدوار تھیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز احتساب عدالت کے ایون فیلڈ ریفرنس کے فیصلے کے بعد مریم نواز اور ان کے خاوند کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر انتخابات کی دوڑ سے باہر ہوگئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: ایون فیلڈ ریفرنس فیصلے کیخلاف نواز، مریم اور صفدر کی اپیلیں تیار
احتساب عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو 10 سال قید، مریم نواز کو 7 سال اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو ایک سال قید کی سزا کا حکم سنایا، جس کے بعد دونوں میاں، بیوی انتخابات میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔
واضح رہے کہ مریم نواز دو حلقوں سے آئندہ عام انتخاب میں حصہ لے رہی تھیں، انہیں قومی اسمبلی کے حلقہ 127 اور پنجاب اسمبلی کے حلقہ 173 سے انتخابات لڑنا تھا، تاہم عدالتی فیصلے کے بعد اب ان کے کورنگ امیدوار الیکشن لڑیں گے۔
کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر قومی اسمبلی کے حلقہ 14 مانسہرہ ٹو سے انتخابات میں حصہ لینے کا ارادہ رکھتے تھے جو اب انتخابات نہیں لڑ سکیں گے، تاہم ان کے پاس احتساب عدالت کے فیصلے کے خلاف اعلیٰ عدلیہ میں اپیل دائر کرنے کی صورت میں الیکشن میں لڑنے کا ایک آپشن موجود ہے۔