لاہور: میاں اخلاق احمد گڈو تحریک انصاف میں شامل

Last Updated On 10 July,2018 06:40 pm

لاہور: (روزنامہ دنیا) این اے 127 اور این اے 128 میں تحریکِ انصاف کو ایک اور بڑی کامیابی مل گئی، باغبانپورہ کی معروف سماجی و سیاسی شخصیت میاں اخلاق احمد گڈو نے تحریکِ انصاف کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے سینکڑوں ساتھیوں سمیت شمولیت اختیار کر لی۔

تحریکِ انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خاں، این اے 127 تحریک انصاف کے امیدوار جمشید اقبال چیمہ، این اے 128 کے امیدوار اعجاز ڈیال اور صوبائی اسمبلی کے امیدواروں سمیت دیگر تحریکِ انصاف کے قائدین میاں اخلاق گڈو کی حمایت حاصل کرنے کے لیے ان کی رہائش گاہ پر گئے تو ان کا والہانہ استقبال کیا گیا۔

تحریکِ انصاف کے قائدین نے میاں اخلاق گڈو سے تحریکِ انصاف کی حمایت کی اپیل کی جس پر میاں اخلاق گڈو نے اپنے ساتھیوں سے مشورے کے بعد پارٹی کی حمایت اور اس میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کر دیا۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ وہ تحریکِ انصاف کے امیدواروں کی جیت کے لیے دن رات ایک کریں گے اور وہ پارٹی کو مایوس نہیں کریں گے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خاں نے کہا کہ وہ میاں اخلاق گڈو کی حمایت کا شکریہ ادا کرتے ہیں، اس سے تحریکِ انصاف مزید مضبوط ہو گی اور ہم یقین دلاتے ہیں کہ میاں اخلاق گڈو کو تحریکِ انصاف میں عزت دی جائے گی۔

تقریب کے اختتام پر باغبانپورہ صرافہ مارکیٹ اور انجمن تاجران شالیمار لنک روڈ نے بھی تحریکِ انصاف کے امیدواروں کی حمایت کا اعلان کیا۔