اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریکِ اںصاف (پی ٹی آئی) کے ترجمان نعیم الحق نے کہا ہے کہ عمران خان وزارتِ عظمی کا حلف ایوانِ صدر میں اٹھائیں گے، تقریبِ حلف برداری میں سارک ممالک کی شرکت متوقع ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں نعیم الحق کا کہنا تھا کہ پاکستانی معیشت شدید بحران کا شکار ہے، پچھلے ستر سالوں میں غریب عوام کو ان کا حق نہیں ملا، حکومت سنبھالتے ہی عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے گا، ایک کروڑ نوکریوں کو یقینی بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اسد عمر نے معیشت کو ٹھیک کرنے کے لیے تیاری شروع کر دی ہے، دنیا بھر سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے پیغامات آ رہے ہیں، پاکستانی عوام سنہری دور کے لیے تیار ہو جائیں۔ غریب عوام کی مشکلات حل کرنے کے لیے انقلابی اقدام اٹھائیں گے۔
نعیم الحق کا کہنا تھا کہ عالمی رہنما عمران خان کو فون کر رہے ہیں، انھیں بھارتی وزیرِاعظم نریندر مودی، افغان صدر اشرف غنی اور ترک صدر طیب اردوان کا فون آیا، جنہوں نے انتخابات میں کامیابی پر پی ٹی آئی چیئرمین کو مبارکبا دی
ان کا کہنا تھا کہ آج تک پاکستان میں حلف برداری کی تقریب میں ابھی تک کوئی غیر ملکی نہیں آیا، سابق وزیرِاعظم نواز شریف نے بھی اپنی تقریب میں کسی کو نہیں بلایا تھا، تاہم اس مرتبہ سارک ممالک کی شرکت متوقع ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان ایوانِ صدر میں حلف اٹھائیں گے۔ حلف برداری کی یہ تقریب انتہائی سادہ لیکن پروقار ہو گی۔