منی لانڈرنگ کے ذریعے برطانیہ منتقل دولت واپس لائیں گے: عمران خان

Last Updated On 01 August,2018 09:46 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے بنی گالہ میں چیئرمین تحریکِ انصاف عمران خان سے ملاقات میں پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کے فروغ کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

برطانوی ہائی کمشنر نے عمران خان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ برطانوی حکومت تحریکِ انصاف کی حکومت سے مکمل تعاون کیلئے تیار ہے۔ تعلیم سے محروم بچوں کو سکول بھجوانے کیلئے حکومت کی مدد کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے خطاب نے برطانیہ میں نہایت مثبت اثرات چھوڑے ہیں۔

چیئرمین تحریکِ انصاف نے برطانوی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاک برطانیہ تعلقات نہایت اہمیت کے حامل ہیں، تمام شعبوں میں برطانیہ کے ساتھ باہمی تعاون کو فروغ دیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ منی لانڈرنگ کے ذریعے برطانیہ منتقل دولت وطن واپس لائیں گے۔

دوسری جانب حکومتِ فرانس نے بھی اپنے بیان میں عمران خان کو کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ فرانس نئی پاکستانی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔
 

Advertisement