ہیلی کاپٹر استعمال کیس: عمران خان پشاور نیب ہیڈ کوارٹرز میں پیش

Last Updated On 07 August,2018 04:30 pm

پشاور: (دنیا نیوز) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان ہیلی کاپٹر استعمال کیس میں نیب پشاور میں پیش ہو گئے۔ نیب پشاورنے ہیلی کاپٹر کے غیر قانونی استعمال پر عمران خان کو طلب کر رکھا تھا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے نیب دفتر میں ایک گھنٹے سے زائد وقت گزارا، عمران خان نے نیب تفتیشی ٹیم کے سوالات کے جوابات دیئے، سابق وزیراعلیٰ کے پی کے پرویزخٹک اور بابر اعوان بھی ان کے ہمراہ تھے۔

خیال رہے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر خیبرپختونخوا حکومت کے دو سرکاری ہیلی کاپٹروں کے استعمال کا الزام ہے۔ نیب ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا کے سرکاری ہیلی کاپٹر 74 گھنٹے استعمال کئے گئے جس سے خزانے کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچا۔ نیب نے عمران خان کو پہلے بھی طلب کیا تھا تاہم انہوں نے انتخابی سرگرمیوں میں مصروفیات کے باعث آنے سے معذرت کرلی تھی۔ ہیلی کاپٹر سکینڈل میں سابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک اور سول ایوی ایشن کے افسروں کے بیانات پہلے ہی قلمبند کئے جا چکے ہیں۔

ذرائع کے مطابق عمران خان نے صوبائی حکومت کے دو ہیلی کاپٹروں ایم آئی 171 اور ایکیوریل پر تقریبا 74 گھنٹے اڑان بھری،عمران خان نے ایم آئی 171 ہیلی کاپٹر پر 22 گھنٹے سفر کیا، جس پر 12 لاکھ 70 ہزار 306 روپے اخراجات آئے۔ عمران خان نے دوسرے ہیلی کاپٹر ایکیوریل پر 52 گھنٹے سفر کیا جس پر 8 لاکھ 36 ہزار 875 روپے اخراجات آئے۔ عمران خان کے سرکاری ہیلی کاپٹرز استعمال پر 74 گھنٹے سفر کیا جس پر 21 لاکھ 7 ہزار181 روپے کے اخراجات آئے۔