حلف برداری تقریب: نوجوت سنگھ سدھو اور آرمی چیف توجہ کے مرکز

Last Updated On 18 August,2018 02:22 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سدھو مرکز نگاہ بننے میں دیر نہیں لگاتے، اسی لیے تو کپتان کی حلف برداری کی تقریب میں سرحد پار سے آئے مہمان نوجوت سنگھ سدھو کی باتوں نے آرمی چیف کی توجہ بھی سمیٹ لی۔

ایوان صدر میں سجائی گئی تقریب میں دونوں نے گپ شپ لگائی اور ایک دوسرے سے گلے بھی ملے۔ دنیا نیوز سے گفتگو میں سابق بھارتی کرکٹر نے بتایا جنرل قمر جاوید باجوہ نے پرتپاک انداز میں ویلکم کیا۔ پاکستان کے آرمی چیف سے خوشگوار انداز میں پنجابی میں بات کی، انہیں گرو نانک، پنجہ صاحب جانے کے پروگرام سے آگاہ کیا۔

نوجوت سدھو نے کہا جنرل باجوہ کو اگلے سال باباگرونانک کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کی خواہش کا بھی بتایا، آرمی چیف کو بتایا کہ بھارتی وزیراعلی پنجاب سمیت ایک چھوٹا سے وفد ساتھ لانا چاہتا ہوں۔ جواب میں جنرل باجوہ نے کہا، جتنے چاہے لوگ آئیں، پاکستانی محبت کرنے والے اور امن پسند ہیں، آپ کو ہر جگہ ویلکم کہیں گے۔

بھارتی مہمان کا کہنا تھا پاکستان کےآرمی چیف کی اتنے اچھے انداز میں بات چیت دل کو بہت بھائی۔