سی پیک پاکستان کی معاشی اور سماجی ترقی کا ضامن ہے: شاہ محمود

Last Updated On 08 September,2018 01:52 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے سی پیک پاکستان کی معاشی اور سماجی ترقی کا ضامن ہے، عالمی برادری قربانیوں کو تسلیم کرے، پاک چین تعلقات کی خوبصورتی یہ ہے کہ کہیں کوئی تحفظات نہیں۔

اسلام آباد میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے چینی ہم منصب کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا چین کے وزیر خارجہ کا دفتر خارجہ آمد پر خیر مقدم کرتے ہیں، وانگ ژی پاکستان کے دیرینہ دوست ہیں، ہمیشہ پاکستان کی حمایت کی، پاک چین دوستی کو عوامی اور حکومتی سطح پر بھرپور پذیرائی حاصل ہے۔ انہوں نے کہا چینی وزیر خارجہ نے نومبر میں وزیراعظم کو دورہ چین کی دعوت دی ہے، ہم نے بھی چینی صدر اور وزیراعظم کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔

 شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا آج کے مذاکرات میں دو طرفہ تعلقات اور عالمی امور پربات چیت ہوئی، سی پیک پاکستان اور خطے کیلئے وسیع تر تذویراتی اہمیت کا حامل ہے، غربت کے خاتمے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کیلئے بات ہوئی۔ انہوں نے کہا سی پیک سے وابستہ چینی شہریوں کا تحفظ اور سلامتی ہماری اولین ترجیح ہے، چین کیساتھ تجارتی تعاون بڑھانے اور برآمدات کے فروغ پر بات ہوئی ہے، بین الاقوامی فورمز پر بھرپور حمایت پر چین کے شکر گزار ہیں۔

وفاقی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان اپنی سر زمین دہشتگردی کیلئے استعمال نہیں ہونے دے گا، پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں اہم کردار ادا کیا، چین نے دہشتگردی کیخلاف پاکستان کی قربانیوں کو سراہا ہے۔ انہوں نے کہا چین نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ پاکستان کی قربانیوں کو تسلیم کرے، پاکستان چین کیساتھ عالمی فورمز پر بھی مل کر کام کرتا رہے گا۔

Advertisement