گورنر ہاؤس پنجاب کے دروازے بھی عوام کیلئے کھل گئے

Last Updated On 10 September,2018 03:48 pm

لاہور: (دنیا نیوز) تحریک انصاف کی حکومت نے ایک اور عوامی فیصلہ کر لیا، گورنر ہاؤس پنجاب کے دروازے بھی کھول دیئے گئے، ہر اتوار صبح 10 سے شام 6 بجے تک سیر کی سہولت میسر ہوگی۔

گورنر ہاوس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری سرور کا کہنا تھا کہ سرکاری عمارات قوم کا اثاثہ ہیں، پہلے مرحلے میں صرف فیملیز کو وزٹ کرنے کی اجازت ہوگی، گورنر ہاوس میں واقع ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ اور دو سکولوں میں مزید بہتری لائی جائے گی۔ اُن کا کہنا تھا کہ ڈیمز کی تعمیر اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

چوہدری سرور نے اِس عزم کا اظہار کیا کہ ملک میں قانون کی بالادستی کو یقینی بنایا جائے، عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ قبضہ مافیا کی کمر توڑ دی جائے گی، اب نچلے درجے کے ملازمین کا ہی نہیں سب کا احتساب ہوگا۔ انہوں نے کہا ناجائز کام کریں گے نہ کسی کو کرنے دیں گے، عوام کی ترقی کے لیے فنڈز اور اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی کو یقینی بنایا جائے گا۔

گورنر پنجاب چوہدری سرور نے گورنر ہاوس میں شہدائے پولیس کے لواحقین کو ایوارڈز دینے کی تقریب میں بھی شرکت کی۔