عمران خان کی نااہلی ، درخواست کی سماعت 24 ستمبر کو ہوگی

Last Updated On 21 September,2018 02:29 pm

اسلام آباد ( روزنامہ دنیا ) سپریم کورٹ نے وزیر اعظم عمران خان کی نااہلی کے لئے درخواست 24 ستمبر کو سماعت کے لئے مقرر کر دی، چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں جسٹس عمر عطا بندیال اور جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل 3 رکنی بینچ سماعت کرے گا۔

مسلم لیگ ن کے رہنما بیرسٹر دانیال چودھری نے 2017 میں عمران خان کو اخلاقی جرائم پر نااہل قرار دینے کے لئے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا، انہوں نے اپنی درخواست میں موقف اپنایا کہ عمران خان نے کاغذات نامزدگی میں حقائق چھپائے ،وہ آرٹیکل 63،62 کے تحت رکن اسمبلی رہنے کے اہل نہیں،عدالت سے استدعا ہے کہ عمران خان کو نااہل قراردیا جائے۔

دوسری جانب سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی سپر یم کورٹ میں عدم پیشی کے کیس میں اسحاق ڈار ،اٹارنی جنرل ،سیکرٹری داخلہ ، خارجہ ، اطلاعات ،ڈائریکٹر ایف آئی اے ،انٹر پول اورپراسیکیوٹرجنرل نیب کو نوٹس جاری کر دیئے جبکہ سپریم کورٹ نے نقیب اللہ محسود کے ماورائے عدالت قتل کا کیس بھی پیر کو سماعت کیلئے مقرر کردیا،عدالت نے اٹارنی جنرل، ایڈووکیٹ جنرل سندھ اور آئی جی سندھ کو نوٹس جاری کر دیئے۔

رواں سال 13 جنوری کو کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹائون میں سابق ایس ایس پی ملیر رائو انوار نے نقیب ﷲ محسود کو دیگر 3 افراد کے ساتھ دہشت گرد قرار دے کر مقابلے میں مار دیا تھا۔ سابق صدر آصف زرداری کے اثاثوں سے متعلق کیس کی سماعت بھی پیر کو ہو گی ، سپریم کورٹ نے سابق صدر سے 10 سال کے اثاثوں کی تفصیل مانگی تھی مگر انہوں نے اس کے خلاف درخواست دائر کر دی۔

جعلی اکائونٹس کیس میں گرفتار انور مجید کے لئے میڈیکل بورڈ کا کیس بھی 24 ستمبر کو ہی سنا جائے گا، دہری شہریت، پٹرول، گیس اور بجلی کے بلوں میں غیر مناسب ٹیکسوں کی وصولی کے کیسوں کی سماعت بھی پیر کو ہو گی، اس ضمن میں متعلقہ حکام کو نوٹس جاری کر دئیے گئے ہیں۔
 

Advertisement