50 لاکھ گھروں کی تعمیر: وزیراعظم آئندہ ہفتے منصوبے کا اعلان کرینگے

Last Updated On 22 September,2018 07:35 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت نے 50 لاکھ گھر تعمیر کرنے کے لئے حکمت عملی تیارکرلی، وزیراعظم عمران خان آئندہ ہفتے منصوبے کا اعلان کریں گے۔

ذرائع کے مطابق، حکومت نے فوری طور پر گھروں کی تعمیر شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، 50 لاکھ گھر آسان اقساط پر بے گھر افراد کو دیئے جائیں گے، گھروں کی تعمیر ملک کے مختلف شہروں میں کی جائے گی، گھروں کی تعمیر کے لئے مختلف جگہوں کا جائزہ بھی لے لیا گیا۔ تحریک انصاف نے اپنے منشور میں 50 لاکھ گھر بنانے کا وعدہ کیا تھا۔

ادھر وزیر اعظم کل لاہور کا دورہ کریں گے، عمران خان پنجاب کابینہ کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔ وزیر اعظم کو 100 روزہ پلان پر حکومت پنجاب کی جانب سے بریف کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق، وزیراعظم کو نئے بلدیاتی نظام بارے بھی بریفنگ دی جائے گی، پنجاب حکومت نے بلدیاتی نظام کا حتمی مسودہ تیار کر لیا، وزیر اعظم کی آمد سے قبل آج وزیر بلدیات علیم خان وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کو بلدیاتی مسودے پر بریف کریں گے۔

وزیراعظم پنجاب پولیس کمیشن کے سربراہ ناصر درانی سے بھی ملاقات کریں گے، عمران خان پنجاب بھر کے ڈویژنل آفیسرز کے ساتھ ویڈیو لنک پر خطاب بھی کریں گے، وزیر اعظم پنجاب کابینہ کے 4 ارکان سے بھی ان کے محکموں بارے خصوصی بریفنگ لیں گے، وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی ون آن ون ملاقات بھی ہو گی۔
 

Advertisement