ضمنی الیکشن کا میدان سجنے میں دو دن رہ گئے

Last Updated On 12 October,2018 10:14 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) 35 حلقوں میں ضمنی الیکشن کا انتخابی میدان سجنے میں دو دن رہ گئے، الیکشن مہم آج رات بارہ بجے ختم ہو گی، ایک ہزار سات سو ستائیس پولنگ سٹیشنز حساس قرار دے دئیے گئے۔

ضمنی الیکشن کا بڑا معرکہ سجنے کو تیار ہے، اس وقت سیاسی جماعتوں کی انتخابی مہم عروج پر پہنچ چکی ہے کیونکہ قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے پینتیس حلقوں میں انتخابی میدان لگنے میں دو دن رہ گئے ہیں۔ پاک فوج کے جوان پولنگ سٹیشنز کی سیکیورٹی آج سے سنبھالیں گے اور پیر تک تعینات رہیں گے۔ ضمنی انتخابات کیلئے 641 امیدوار میدان میں ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق چودہ اکتوبر کو ضمنی انتخابات میں فوجی جوان پولنگ سٹیشن کے اندر اور باہر ڈیوٹی گے۔ فوج کی تعیناتی کا فیصلہ آئین کے آرٹیکل 220 اور 245 کے تحت کیا گیا ہے۔

اتوار کو قومی اور پنجاب اسمبلی کے 11، 11 حلقوں، خیبر پختونخوا اسمبلی کے 9، سندھ اور بلوچستان اسمبلیوں کے 2، 2 حلقوں میں ووٹنگ ہو رہی ہے۔ پی پی 87 میانوالی میں ایک امیدوار کی وفات کے باعث الیکشن ملتوی کر دیا گیا ہے جبکہ پی پی 296 راجن پور سے تحریک انصاف کے امیدوار اویس دریشک بلا مقابلہ منتخب ہو چکے ہیں۔

الیکشن کمیشن نے حساس ترین پولنگ سٹیشن کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔ 35 حلقوں کے 1727 پولنگ سٹیشن حساس ترین قرار دے دیئے گئے ہیں، پولنگ سٹیشنز کی مجموعی تعداد 7489 ہے۔

ان 35 حلقوں میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 92 لاکھ 83 ہزار سے زائد ہے۔ سب سے زیادہ 195 حساس پولنگ سٹیشن این اے 35 بنوں کے ہیں۔ این اے 56 اٹک کے 186 پولنگ سٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا ہے۔ این اے 69 گجرات میں 96 اور این اے 243 کراچی میں 92 حساس پولنگ سٹیشن ہیں۔