ضمنی الیکشن کامیدان کل سجے گا،35 حلقوں میں 641 امیدواروں میں مقابلہ

Last Updated On 13 October,2018 03:34 pm

لاہور: (دنیا نیوز) عام انتخابات 2018 کے بعد ضمنی الیکشن کا میدان کل سجے گا، 14 اکتوبر کو قومی اور صوبائی اسمبلی کے 35 حلقوں میں پولنگ ہوگی۔ لاہور سے قومی و صوبائی اسمبلی کی 4 نشستوں پر 11 لاکھ 75 ہزار 832 ووٹرز حق رائے استعمال کریں گے۔

ضمنی الیکشن 2018 صرف ایک دن کی دوری پر رہ گیا، الیکشن کمیشن نے بھی تیاریاں مکمل کرلیں۔ لاہور سے قومی و صوبائی اسمبلی کی چار نشستوں پر ضمنی الیکش کے لیے 12 لاکھ 14 ہزار بیلٹ پیپرز چھاپے گئے جبکہ کل 11 لاکھ 75 ہزار 832 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

لاہور میں ضمنی الیکشن میں سب سے زیادہ ووٹرز کی تعداد حلقہ این اے 124 میں ہے جہاں پر 5 لاکھ 35 ہزار 172 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے جبکہ عمران خان کی خالی کردہ نشست این اے 131 میں ووٹرز کی کل تعداد 3 لاکھ 65 ہزار 677 ہے۔

سابق وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کی خالی کردہ صوبائی اسمبلی کی دو نشستیں پی پی 164 میں کل ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 37 ہزار 906 جبکہ پی پی 165 میں ووٹرز کی تعداد ایک لاکھ 37 ہزار 77 ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق لاہور میں ضمنی الیکشن کے لیے کل 881 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے جائیں گے، جن میں 632 پولنگ اسٹیشنز 632 جبکہ 150 پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس قرار دیے گئے۔

اسلام آباد سے حلقے این اے 53 میں ووٹرز کی تعداد 3 لاکھ 13 ہزار سے زائد ہے اور یہاں 11 امیدوار مد مقابل ہیں، حلقے میں ایک بار پھر اصل مقابلہ تحریک انصاف اور نون لیگ کے درمیان ہے۔ تحریک انصاف کے علی نواز اعوان اور مسلم لیگ ن کے وقار احمد امیدوار ہیں، یہ حلقہ وزیراعظم عمران خان کے نشست چھوڑنے پر خالی ہوا تھا۔

این اے 60 راولپنڈی میں ووٹرز کی کل تعداد 3 لاکھ 57 ہزار سے زائد ہے، یہ حلقہ شیخ رشید کے نشست چھوڑنے پر خالی ہوا، شیخ رشید کے بھتیجے شیخ راشد شفیق تحریک انصاف کے ٹکٹ پر میدان میں ہیں جبکہ ان کا مقابلہ نون لیگ کے سجاد خان سے ہوگا، مجموعی طور پر حلقے میں امیدواروں کی کل تعداد 9 ہے۔

این اے 63 ٹیکسلا میں ووٹرز کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 71 ہزار سے زائد ہے جبکہ یہاں 5 امیدوار قومی اسمبلی کی نشست کے لیے مد مقابل ہیں۔ یہاں تحریک انصاف کے منصور حیات خان اور ن لیگ کے عقیل ملک کے درمیان مقابلہ ہو گا۔ یہ نشست وفاقی وزیر پیٹرولیم غلام سرور خان نے دو نشستیں جیتنے کے بعد چھوڑی تھی۔ انہوں نے چوہدری نثار علی خان کو شکست دی تھی۔

ضمنی الیکشن میں پاک فوج کے جوان پولنگ اسٹیشنز کے اندار اور باہر تعینات ہوں گے جس کے لیے فوجی افسران کو مجسریٹ کے درجہ اول کے اختیارات دے دیے گئے ہیں۔ لاہور کے ضمنی الیکشن میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 131 میں مسلم لیگ ن کے خواجہ سعد رفیق کا مقابلہ تحریک انصاف کے ہمایوں اختر خان سے ہوگا جبکہ این اے 124 میں پی ایم ایل این کے شاہد خاقان عباسی کے مدمقابل غلام محی الدین ہونگے۔

صوبائی اسمبلی کی نشست پی پی 164 میں پی ٹی آئی کے عمر یوسف کا مقابلہ ن لیگ کے سہیل شوکت بٹ جبکہ پی پی 165 میں ن لیگ کے سیف الملوک کھوکھر کا مقابلہ تحریک انصاف کے میاں منشاء سندھو سے ہوگا، الیکشن مہم ختم ہو گئی، حکومت کے خلاف نواز لیگ اور پیپلزپارٹی ایک ہو گئیں۔  

Advertisement