ضمنی الیکشن: انٹرنیٹ ووٹنگ سے ووٹ کی رازداری پامال ہونے کا خدشہ

Last Updated On 13 October,2018 12:42 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) انٹرنیٹ ووٹنگ نے بڑی آئینی و قانونی پیچیدگی پیدا کردی، ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ سرکاری سطح پر آرٹیکل 226 کی خلاف ورزی کا خدشہ ہے۔

انٹرنیٹ ووٹنگ سے ووٹ کاسٹ ہونے پرمعلوم ہوسکے گا کہ ووٹر نے کسے ووٹ دیا، آئین کے آرٹیکل 226 کے تحت ووٹ کی رازداری آئینی تقاضا ہے، بلوچستان کے حلقہ پی بی 35 میں صرف ایک سمندرپار پاکستانی ووٹ کاسٹ کرے گا۔

یاد رہے ضمنی انتخابات کیلئے پولنگ کل ہوگی، 35 حلقوں میں 370 اُمیدوار قسمت آزمائیں گے، 92 لاکھ 83 ہزار 74 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے، پولنگ صبح 8 سے شام 5 تک بلاتعطل جاری رہےگی، الیکشن کمیشن نے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے۔

مجموعی طور پر 35 حلقوں میں الیکشن میں ہوگا، قومی اسمبلی کیلئے اسلام آباد سے 1، پنجاب سے 8، سندھ سے 1 اور خیبر پختونخوا سے 1 نشست پر انتخاب ہوگا۔ صوبائی اسمبلیوں کے لیے پنجاب کے 11، سندھ کے 2، خیبر پختونخوا کے 9 اور بلوچستان کے 2 حلقوں میں بھی ضمنی الیکشن ہوگا۔

ضمنی الیکشن کیلئے انتخابی مواد کی ترسیل کا عمل جاری ہے، بیلٹ پیپرز اور دوسرے سامان کی پولنگ اسٹیشنز تک ترسیل پاک فوج کی نگرانی میں کی جاری ہے، 51 ہزار 235 انتخابی عملہ خدمات سر انجام دے گا،،ضمنی الیکشن کیلئے 95 لاکھ بیلٹ پیپرز چھاپے گئے ہیں، 370 امیدوار پنجہ آزمائی کریں گے۔
 

Advertisement