سی پیک کا دائرہ کار وسیع کریں گے، شاہ محمود قریشی

Last Updated On 14 October,2018 06:33 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے سی پیک پاکستان کے لئے اولین ترجیح ہے، چینی مشاورت سے سی پیک کا دائرہ کار وسیع کریں گے تا کہ پورا پاکستان فائدہ اٹھائے۔

پاکستان تحریک انصاف اور چینی کمیونسٹ پارٹی میں تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہو گیا۔ کمیونسٹ پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کی تقریب دفتر خارجہ میں منعقد ہوئی۔

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے وائس چئیرمین شاہ محمود قریشی نے جبکہ چینی کمیونسٹ پارٹی کی طرف سے بین الاقوامی محکمے کے وزیر سونگ تاؤ نے دستخط کیے۔

تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل ارشد داد، سینٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم اور دیگر نے شرکت کی۔ کمیونسٹ پارٹی اور تحریک انصاف کے مابین روابط مستحکم اور فعال بنانے اور پاکستان اور چین کے مابین سٹریٹجک شراکت داری میں تقویت کیلئے دونوں جماعتوں کا باہمی تعلقات مضبوط بنانے اور دونوں پارٹیوں کے مابین باقاعدگی سے وفود کے تبادلے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

پاکستان تحریک انصاف کے وائس چئیرمین نے کہا کہ چین پاکستان کا قریبی دوست اور سٹریٹجک معاون شراکت دار ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی حکومت باہمی دوستی کو مزید مضبوط کرنے کے لئے پر عزم ہے۔ انھوں نے کہا کہ سی پیک پاکستان کی ترقی کے لئے قومی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے اور پاکستان کی اولین ترجیح ہے۔
 

Advertisement