’القاعدہ کو پاکستان کی مدد کے بغیر شکست نہیں ہو سکتی تھی‘

Last Updated On 16 October,2018 11:05 pm

لندن: (دنیا نیوز) پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کا امن ایک دوسرے سے مشروط ہے، القاعدہ کو کبھی بھی پاکستان کی مدد کے بغیر شکست نہیں ہو سکتی تھی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا وارکشائر یونیورسٹی میں خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے دنیا کو پاکستان کا شکریہ ادا کرنا چاہیے، پاکستان کے بغیر خطے اور دنیا میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔

میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ پاکستان اور افغانستان کا امن ایک دوسرے سے مشروط ہے، پاکستان کی خواہش ہے کہ امریکا افغانستان میں مکمل امن آنے تک موجود رہے۔

پاک فوج کے ترجمان نے اپنے خطاب میں کہا کہ دنیا میں القاعدہ کو پاکستان کی مدد کے بغیر شکست نہیں ہو سکتی تھی، پاک فوج کے آپریشن سے دہشتگردوں کی کارروائیاں صفر ہو گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملالہ یوسفزئی پر حملہ عورتوں کی تعلیم کے مخالف دہشتگردوں نے کیا۔