میٹروبس کا جتنا سفر اتنا کرایہ، پنجاب حکومت کا سبسڈی کم کرنیکا فیصلہ

Last Updated On 18 October,2018 09:13 pm

لاہور: (دنیا نیوز) میٹرو بس میں سستے سفر کے دن ختم ہونے کو آ گئے۔ یکساں کرائے کی بجائے جتنا سفر اتنا کرائے کا فارمولا تیار ہونے لگا۔ لاہور کی سیر کروانے والی ڈبل ڈیکر بس کے کرائے میں بھی اضافہ کر دیا گیا۔

ائرکنڈیشنڈ میٹرو بس سروس پر سبسڈی کی رقوم کم کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، اب شاہدرہ سے گجومتہ کا 27 کلومیٹر کا سفر صرف 20 روپے میں نہیں ہو گا کیونکہ نئی حکومت سبسڈی کا بوجھ اٹھانے سے کنی کترانے لگی ہے۔

اب فیصلہ ہوا ہے کہ کم سے کم کرایہ تو بیس روپے ہی ہو گا لیکن اس کے بعد جتنا سفر اتنا کرایہ ادا کرنا پڑے گا۔

ذرائع کے مطابق کرائے کی زیادہ سے زیادہ رقم ساٹھ روپے تک جا سکتی ہے۔ پنجاب حکومت اس وقت لاہور، راولپنڈی اور ملتان کی میٹرو پر بارہ ارب سالانہ کی سبسڈی دے رہی ہے۔

میٹرو کا حتمی فیصلہ تو ہونا ابھی باقی ہے لیکن لاہور کی سیر کروانے والی ڈبل ڈیکر بس کے کرایے میں 100 روپے اضافہ کر دیا گیا جس کا اطلاق یکم نومبر سے ہو گا۔