سعودی پیکج کی ایک ارب ڈالر کی پہلی قسط آئندہ ہفتے متوقع، ذرائع

Last Updated On 03 November,2018 03:56 pm

ریاض: (دنیا نیوز) سعودیہ عرب کی جانب سے پاکستان کے لیے اعلان کردہ مالی امدادی پیکج میں سے 1 ارب ڈالر کی پہلی قسط کا حصول آئندہ ہفتے متوقع ہے۔

ذرائع کے مطابق رواں ماہ سعودیہ عرب کی جانب سے زرمبادلہ ذخائر کو سہارا دینے کے لیے 3 ارب ڈالر دینے کا اعلان کیا گیا تھا، یہ رقم پاکستان کو قسطوں میں دی جارہی ہے جس میں سے پہلی قسط آئندہ ہفتے مل جانے کی امید ہے، اس کے علاوہ سعودیہ عرب پاکستان کو ہر سال اداھار پر تیل بھی دے گا جس کی مالیت 3 ارب ڈالرہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کی جانب دی جانے والی امداد سے بیرونی ادائیگیوں کے چیلنجز سے نمٹنے میں مدد ملے گی، برادر اسلامی ملک سے ڈالر آنے کے بعد گرتے ہوئے زرمبادلہ ذخائر کو سہارا ملے گا اور روپیہ بھی مستحکم ہوگا۔

 یاد رہے وزیراعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب میں مختلف معاہدوں پر اتفاق ہوا تھا جس میں سعودی عرب نے ایک سال کے لیے پاکستان کو تین ارب ڈالر فراہم کرنا تھے، اس کے علاوہ پاکستان کو تین ارب ڈالرز مالیت سالانہ کے حساب سے تین سال کے لئے تیل بھی ادھار پر دے گا، پاکستان کو ہر ایک سال کے بعد ادائیگی کرنا ہو گی جبکہ تین سال کے بعد اس معاہدے پر نظرثانی کی جائے گی۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا تھا کہ سعودی عرب نے پاکستان میں معدنی وسائل کی ترقی میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے اور اس مقصد کے لیے وفاقی اور بلوچستان کی حکومتیں آپس میں مشاورت کریں گی جسکے بعد سعودی عرب سے وفد کو دورہ پاکستان کی دعوت دی جائے گی۔

Advertisement