خادم رضوی، افضل قادری اور دیگر کیخلاف 92 مقدمات درج، 500 نامزد

Last Updated On 04 November,2018 11:49 pm

لاہور: (دنیا نیوز) احتجاج کے دوران توڑ پھوڑ کرنے والوں کے خلاف ملک بھر میں 92 مقدمات درج کر لئے گئے۔ کریک ڈاؤن کے دوران متعدد افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ اسلام آباد سے گیارہ، کراچی سے دو افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔

دھرنوں کے دوران احتجاج کی آڑمیں ہنگامہ آرائی کرنے والوں کے گرد گھیرا تنگ ہو گیا، ملزمان کی تصاویر سے نشاندہی، ملک بھر میں 61 مقدمات درج کر لئے گئے۔ احتجاج کے دوران توڑ پھوڑ کرنے والوں کے خلاف لاہور میں گیارہ مقدمات درج کئے گئے جن میں خادم حسین رضوی، پیر افضل قادری اور 500 سے زائد دیگر نامعلوم افراد کو نامزد کیا گیا ہے، فیصل آباد میں 34 ، ضلع قصور میں 12، اسلام آباد میں 2 ایف آئی آرز درج کی گئی ہیں جس میں دہشت گردی کی دفعات شامل بھی ہیں۔

کراچی میں ہنگامہ آرائی میں ملوث نامعلوم افراد کے خلاف مختلف تھانوں میں 12مقدمات درج کئے گئے۔ پولیس کا کہنا ہے مشتعل افراد کی سی سی ٹی وی، سوشل میڈیا پرچلنے والی ویڈیوزسے شناخت ہو گی جس کے بعد ان کی گرفتاری کا عمل شروع کیا جائے گا۔ کورنگی میں دھرنےاورہنگامہ آرائی میں ملوث 2 ملزمان گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیاؕ۔

دوسر ی طرف وزارت داخلہ نے احتجاج کی آڑ میں توڑ پھوڑ کرنے والے ملزمان کی تصاویر جاری کرنے کاسلسلہ شروع کر دیا۔ یہ تصاویر سپیشل برانچ اور دیگر ذرائع سے موصول ہوئی تھیں۔ وزارت داخلہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ شرپسندوں کی شناخت میں قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کیا جائے جبکہ ملزمان کی شناخت ہونے پر ایف آئی اے اور پولیس کو فوری کارروائی کے احکامات دیئے گئے ہیں۔

 

Advertisement