بی جے پی امن کی دشمن، سارک کانفرنس میں شرکت کی دعوت مسترد

Last Updated On 28 November,2018 05:31 pm

ممبئی: (دنیا نیوز) کرتارپور راہداری پر پاکستان کی دنیا میں پذیرائی بھارت کو ایک آنکھ نہ بھائی، بی جے پی الیکشن جیتنے کے چکر میں امن دشمنی پر اتر آئی اور سارک کانفرنس میں شرکت کی پاکستانی دعوت بھی مسترد کر دی۔

وزیر خارجہ سشما سووراج کا کہنا ہے وزیراعظم نریندر مودی پاکستان میں سارک کانفرنس میں شرکت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کرتارپور اور دو طرفہ مذاکرات دو مختلف چیزیں ہیں، کرتاپور راہداری کا مطلب مذاکرات کی بحالی ہرگز نہیں ہے۔ بھارت کئی دہائیوں سے پاکستان کی جانب سے امن مذاکرات کی مسلسل حوصلہ شکنی کر رہا ہے۔

یاد رہے گزشتہ روز ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا وزیر اعظم عمران خان نے عہدہ سنبھالتے وقت کہا تھا کہ مسائل کے حل کیلئے بھارت ایک قدم بڑھائے ہم دو قدم بڑھائیں گے، سارک کانفرنس میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو مدعو کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کرتارپور راہداری 6 ماہ میں مکمل ہوگی، سکھ برادری بغیر ویزا کرتارپور آسکے گی۔