سکھ برادری کا کرتارپور گوردوارہ میں مذہبی رسومات کا خواب پورا ہو چلا

Last Updated On 28 November,2018 04:03 pm

لاہور: (دنیا نیوز) بھارت اور دنیا بھر میں بسنے والی سکھ برادری کا گوردوارہ کرتارپور میں مذہبی رسومات کی ادائیگی کا خواب پورا ہو چلا۔ یاتری مخصوص پرمٹ پر گردوارہ کرتار پور تک آ سکیں گے۔ کرتار پور راہداری آمد پر یاتریوں کو قیام و طعام کی سہولت بھی حاصل ہو گی۔

گردوارہ کرتار پور بابا گرونانک کی سمادھی اورآخری آرام گاہ سکھوں کا دنیا بھر میں مقدس ترین مقام ہے۔ حکومت پاکستان کی جانب سے یاتریوں کے لئے گوردوارہ کرتارپور کمپلیکس کی تعمیر نو، بارڈر ٹرمینل کی تعمیر اور
دریائے راوی پر پل کی تعمیر اور سڑک کے ذریعے محفوظ رسائی پر سکھ یاتری اور طلبا نے وزیراعظم عمران خان کی دل کھول کر تعریف کی۔

بھارتی وزیر ہرسمرت کور نے واہگہ بارڈر پر گفتگو کرتے ہوئے کہا آج دونوں جانب رہنے والے سکھوں کی دعائیں رنگ لےآئیں۔ کرتار پور کوریڈور پہنچنے والے یاتریوں کو مشین ریڈایبل پاسپورٹ، ویزہ فری انٹری، بس سروس اور طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

بائیو میٹرک نظام سے گزار کر یاتریوں کو خصوصی پرمٹ جاری کیا جائے گا۔ پرمٹ لینے کے بعد یاتری گوردوارہ کرتارپور کمپلیکس پہنچ کر مذہبی رسومات ادا کر کے واپس جائیں گے۔ احاطے میں ٹک شاپ بھی بنائی جائے گی جہاں سے یاتری خرید وفروخت کر سکیں گے۔ یاتریوں کے لئے فلاور شاپ، کیفے ٹیریا اور لائبریری کی سہولیات بھی منصوبے کا حصہ ہیں۔

 

Advertisement