راولپنڈی: پولیس ناکے پر فائرنگ سے ایک اہلکار شہید، دوسرا شدید زخمی

Last Updated On 02 December,2018 04:03 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) راولپنڈی میں تھانہ بنی کے علاقے کالی ٹینکی کے قریب پولیس ناکے پر نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار ہیڈ کانسٹیبل عارف شہید جبکہ دوسرا پولیس اہلکار کانسٹیبل واجد شدید زخمی ہو گیا۔

پولیس کے مطابق افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب تھانہ بنی کے علاقے کالی ٹینکی چوک ناکے پر موجود پولیس اہلکاروں نے نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کو چیکنگ کیلئے روکنے کا اشارہ کیا تو ملزمان نے پولیس اہلکاروں پر فائر کھول دیا۔

فائرنگ سے ہیڈ کانسٹیبل عارف شہید جبکہ کانسٹیبل واجد شدید زخمی ہو گیا، زخمی پولیس اہلکار کو ہولی فیملی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، واقعہ کے فوری بعد سی پی او راولپنڈی عباس احسن ہولی فیملی ہسپتال پہنچ گئے اور جائے وقوعہ کا بھی معائنہ کیا۔ پولیس کو ملزمان کی گرفتاری کیلئے فوری اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کیں، پولیس کے مطابق جائے وقوعہ کے اطراف موجود عمارتوں سے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جلد ملزمان کو گرفتار کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔