شاہ محمود قریشی کے بیٹے کے حلقے پر نوازشات کی بارش

Last Updated On 01 December,2018 05:15 pm

لاہور: (روزنامہ دنیا) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا خصو صی طورپر انکے ترقیاتی منصوبے کیلئے فنڈز جاری کرنے کا حکم, ترقیاتی سکیموں سے متعلق تین روز میں رپورٹ طلب،فنڈز کی سمری بھی تیار

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے صاحبزادے کے حلقے پر نوازشات کی بارش کر دی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے حکم پر این اے 157کی 9 بڑی غیر منظورشدہ ترقیاتی سکیموں کو ترقیاتی منصوبوں میں شامل کرنے کے لئے لیٹرلکھ دیا۔ محکمہ مواصلات اور محکمہ صحت کی جانب سے ان ترقیاتی سکیموں کے لئے فنڈز جاری کرنے کے لئے تخمینہ لگانا شروع کر دیا ہے اور فنڈز کس سکیم سے نکالنے ہیں اس پر بھی کام شروع کر دیا گیا۔
وزیراعلی ٰپنجاب عثمان بزدار کے آفس سے جار ی ہونیوالے خط جو کہ جمشید حسین سیال ڈپٹی سیکرٹری ٹو وزیراعلیٰ پنجاب ساؤتھ کی جانب سے جاری کیا گیا ہے ، اس لیٹر میں واضح طورپر لکھا گیا ہے کہ ممبر قومی اسمبلی مخدوم زادہ زین حسین قریشی کے حلقہ کے لئے ترقیاتی سکیموں کو شامل کیا جائے، اس لیٹر میں وہاڑی روڈ کی تعمیر ، بوڑھ والا روڈ کی تعمیر بنیادی صحت مراکز کے پروگرام شامل ہیں، اسی طرح سوئی گیس روڈ وہاڑی چوک تا میاں نواز شریف یونیورسٹی روڈ کی توسیع کا منصوبہ، پل رینگو تا 6ٹی روڈ کی تعمیر و مرمت، شاہ عباس تا سورج کنڈ روڈ ، اسی طرح دیگر روڈ ز کی تعمیر ومرمت کے منصوبہ جات شامل ہیں۔ وزیراعلیٰ آفس ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلی ٰپنجاب عثمان بزدار نے خصو صی طورپر ان کے ترقیاتی منصوبے کے لئے فنڈز جاری کرنے کا حکم دیا ہے اور لیٹر جاری ہونے کے بعد عثمان بزدار کو بھی آگاہ کر دیا گیا ،عثمان بزدار کے حکم پر کہ ان ترقیاتی سکیموں سے متعلق تین روز میں رپورٹ بھی مانگ لی گئی ہے ، وزیراعلیٰ آفس سے جاری ہونیوالے لیٹر کے بعد محکمہ مواصلات اور محکمہ صحت پنجاب میں گزشتہ روز ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے گئے ہیں، اور مختلف ترقیاتی سکیموں سے فنڈز نکال کر ان ترقیاتی سکیموں کو دینے کے لئے ایک سمری بھی گزشتہ روز تیار کی گئی جو کہ آئندہ چند روز میں محکمہ ترقیاتی و منصوبہ بندی کو بھی بھجوا دی جائیگی، جبکہ اس پر بعض افسروں کی جانب سے اعتراض بھی کئے گئے ہیں کہ کسی سکیم سے فنڈز نہ نکالے جائیں بلکہ ان کو سپلیمنٹری گرانٹ سے فنڈزجاری کرنے کا کیس بناکر صوبائی کیبنٹ برائے خزانہ کے اجلاس میں رکھا جائے ، یہ فیصلہ بھی سوموارکو ہوگا، سی ایم آفس ذرائع نے تصدیق کی کہ جنوبی پنجاب کے لئے جو ڈائریکٹیوز جاری ہورہے ہیں، ان پر عملدرآمد رپورٹ بھی طلب کر لی گئی ہے اور یہ سب سفارشی بنیادوں پر کئے جارہے ہیں۔ اس حوالے سے صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے موقف دیتے ہوئے کہا کہ سی ایم آفس سے ڈائریکٹیو جاری ہونا یہ ایک حکومتی بزنس ہے ،اور یہ جاری ہوتے ہیں، اگر کوئی لیٹر جاری ہوگیا تو یہ کوئی بڑی بات نہیں ہے ۔
 

Advertisement