راولپنڈی: فائرنگ سے جاں بحق پولیس اہلکار کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی

Last Updated On 02 December,2018 10:59 am

راولپنڈی: (دنیا نیوز) راولپنڈی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق ہونیوالے پولیس اہلکار محمد عارف کی نماز جنازہ پولیس لائنز میں ادا کردی گئی جس میں پولیس افسران سمیت لوگوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید اہلکار کو سلامی بھی پیش کی۔

راولپنڈی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق ہونیوالے پولیس اہلکار محمد عارف کی نماز جنازہ میں پولیس افسران، ضلعی انتظامیہ کے نمائندوں اور لوگوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ پولیس کا کہنا ہے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے، جائے وقوعہ کے اطراف موجود سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی جائے گی اور ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔

گزشتہ رات پولیس اہلکاروں نے نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کو ٹینکی چوک ناکے پر رکنے کا اشارہ کیا جس پر ملزمان نے فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں ہیڈ کانسٹیبل عارف شہید ہوگیا جبکہ کانسٹیبل واجد شدید زخمی ہو ا تھا جسے ہولی فیملی ہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔