واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی وزیرخارجہ نے کہا کہ پاکستان کو خصوصی تحفظات والے ممالک میں رکھا ہوا ہے، پاکستان اکیلا ہی بلیک لسٹ میں شامل نہیں ،اس فہرست میں چین ، سعودی عرب، ایران، بعض دیگر ممالک بھی شامل ہیں۔
بھارت اور اسرائیل کی جارحیت نظر انداز کرکے امریکا نے مذہبی آزادی کی خلاف ورزیوں کا الزام لگا کرپاکستان کو بلیک لسٹ میں شامل کر دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا نے مذہبی آزادی کی خلاف ورزیوں کے الزام میں پچھلے سال پاکستان کو واچ لسٹ میں رکھا تھا تاہم اب امریکا نے پاکستان کو بلیک لسٹ میں شامل کر دیا ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے بین الاقوامی ایکٹ برائے مذہبی آزادی 1998 کے تحت پاکستان سمیت سعودی عرب، چین، ایران، شمالی کوریا، برما، اریٹیریا، سوڈان، تاجکستان اور ترکمانستان کو بلیک لسٹ میں شامل کر دیا ہے۔
امریکا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اقلیتوں سے روا سلوک پر پاکستان پر دباؤ بڑھانےکے لیے یہ اقدام اٹھایا گیا ہے۔