نواز، شہباز کی عدم موجودگی میں شاہد خاقان پارٹی قائم مقام صدر ہونگے: ذرائع

Last Updated On 25 December,2018 05:09 pm

اسلام آباد (روزنامہ دنیا): قائد (ن) لیگ نواز شریف اور شہباز شریف کی عدم موجودگی میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی غیر اعلانیہ پارٹی کے قائم مقام صدر ہوں گے۔

دونوں بھائیوں کی ہدایات کی روشنی میں سابق وزیراعظم ایڈوائزری بورڈ کی مشاورت سے پارٹی امور نمٹائیں گے ، نواز شریف کی گرفتاری پر پارلیمنٹ میں احتجاج، اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ رابطے تنظیم نو سمیت دیگر سیاسی امور بارے ایڈوائزری بورڈ میں فیصلے کئے جائیں گے جس کے سربراہ شاہد خاقان عبا سی ہوں گے جسے غیر علانیہ قائم مقام صدر کہا جاسکتا ہے ، ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ نواز شریف کو نیب عدالت سے سزا کے بعد ن لیگ کو متحرک اور فعال رکھنے کیلئے حکمت عملی ترتیب دیدی گئی ہے ، اس مقصد کے لئے ایڈوائزری بورڈ تشکیل دیا گیا ہے جس میں ٹاپ،ٹین سینئر قیادت شامل ہے جبکہ تنظیم نو کی ذمہ داری احسن اقبال کو سونپی گئی ہے جو غیر علانیہ طورپر مرکزی جنرل سیکرٹری کے طورپر کام کرتے رہیں گے ۔پی پی، جے یو آئی، ایم ایم اے ، اے این پی، پختونخوا ملی عوامی پارٹی، نیشنل پارٹی سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں کی قیادت سے رابطے کر کے مشترکہ لائحہ عمل بنایا جائے گا ،مریم نواز کے متحرک اور فعال ہونے بارے مشاورت جاری ہے ۔ ن لیگ مریم نواز کو خاص وقت میں لانچ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے جس کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے ، اس بارے دیگر اپوزیشن جماعتوں کو اعتماد میں لے کر فیصلہ کیاجائے گا۔ 

Advertisement