نواز شریف نے جان چھڑانے کیلئے 2 ارب ڈالر کی آفر کی: فیصل واوڈا

Last Updated On 27 December,2018 03:09 pm

اسلام آباد: ( روزنامہ دنیا) وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے دعویٰ کیا ہے کہ نواز شریف جان چھڑانے کیلئے دو ارب ڈالر کی آفر دے چکے ہیں، نوازشریف نے رشوت کی یہ آفر حکومت کو کی ہے، جو اولاد پیسے کے لئے باپ کو پھنسا دے ایسی سیاست کا کیا فائدہ ہے؟۔

ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے مزید کہا کہ نواز شریف نے پارلیمنٹ میں کہا کہ ‘‘حضور یہ ہیں وہ ذرائع’’ اور پھر وہ ان ہی ذرائع سے لاتعلق ہوگئے۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ پی پی رہنما نے دمادم مست قلندر کی والی بات کرسمس یا نیو ایئرپارٹی سے متعلق کہی ہوگی، دونوں جماعتیں مل کر دمادم مست قلندر کریں، کھانا اور گاڑیاں ہم فراہم کریں گے۔

فیصل واوڈا کا مزید کہنا تھا کہ آج سے پہلے ٹو پارٹی رول تھا، پہلے ایک پھر دوسرے کی باری آتی تھی، شریف خاندان کے ملک اور بیرون ملک بھی رشتے دار ہیں جو پیسے دیتے ہیں۔ آن لائن کے مطابق وفاقی وزیر نے دعویٰ کیا کہ نواز شریف نے حکومت کو 2 ارب ڈالر ادا کرنے کی پلی بارگین کی پیشکش کی اور کہا کہ میری جان چھوڑ دیں سیاست سے توبہ کر لوں گا لیکن ان کے بیٹوں نے رقم ادائیگی کی حامی بھرنے سے انکار کر دیا، جو چاہیے میرے اس دعوے کی تصدیق کروالے، تحریک انصاف کی حکومت ان سے کوئی ڈیل نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ فی الحال نواز شریف کی پیشکش کی مزید تفصیل نہیں بتا سکتا وقت گزرنے کے ساتھ سامنے آجائے گی۔