537 بھارتی قیدیوں کی فہرست انڈین ہائی کمیشن کے حوالے

Last Updated On 01 January,2019 06:18 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان اور بھارت کے درمیان جوہری تنصیبات کی فہرستوں کا تبادلہ ہو گیا، پاکستان نے 537 بھارتی قیدیوں جبکہ بھارت نے 347 پاکستانی قیدیوں کی فہرستیں ایک دوسرے کے ہائی کمیشن حکام کو فراہم کر دی ہیں۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان جوہری تنصیبات کی فہرست کا سالانہ تبادلہ 31 دسمبر 1998 کے معاہدے کے تحت کیا گیا، جوہری تنصیبات کی فہرست دفتر خارجہ میں بھارتی ہائی کمیشن کے نمائندے کو دی گئی، بھارتی وزارت خارجہ نے اپنی جوہری تنصیبات کی فہرست بھی پاکستانی ہائی کمیشن نئی دلی کو فراہم کر دی۔ معاہدے کے تحت دونوں ممالک یکم جنوری کو جوہری فہرستوں کا تبادلہ کرتے ہیں، معاہدے کا مقصد دونوں ممالک کی ایک دوسرے کی جوہری تنصیبات پرحملہ نہ کرنا ہے۔

پاکستان نے 21 مئی 2008 کے معاہدے کے تحت بھارتی قیدیوں کی فہرست بھارتی ہائی کمیشن کے حوالے کر دی ہے، قیدیوں کی فہرست کا تبادلہ پاک بھارت قونصلر رسائی معاہدے کے تحت کیا گیا، بھارتی قیدیوں میں 54 سول اور 483 ماہی گیر شامل ہیں۔ بھارت نے 347 پاکستانی قیدیوں کی فہرست پاکستانی ہائی کمشن نئی دہلی کے حوالے کیں، فہرست کے مطابق بھارتی جیلوں میں 249 سول جب کہ 98 پاکستانی ماہی گیرقید ہیں۔ 21 مئی 2008 کے معاہدے کے تحت دونوں ممالک یکم جنوری اور یکم جولائی کو قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ کرتے ہیں۔
 

Advertisement