سندھ کے سیاسی محاذ پر یوسف رضا گیلانی متحرک، اہم ٹاسک مل گیا

Last Updated On 02 January,2019 01:56 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ کے سیاسی محاذ پر سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی متحرک ہوگئے، سندھ کی پچ کو محفوظ بنانے کے لئے یوسف رضا گیلانی کو اہم ٹاسک مل گیا، سابق وزیراعظم کی وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ملاقات میں اہم معاملات پر مشاورت کرلی گئی۔

وفاقی حکومت اور تحریک انصاف کے رہنماوں کے سندھ حکومت مخالف محاذ کے بعد سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کو اہم ٹاسک مل گیا ہے، سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ سے ملاقات کی ہے جس میں سندھ حکومت کے خلاف سازشوں کا ناکام بنانے پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔

سید یوسف رضا گیلانی سندھ میں اہم رہنماؤں سے رابطے کریں گے، پیر پگاڑا اور دیگر رہنماوں سے بھی رابطوں کامحاذ سید یوسف رضا گیلانی نے سنبھال لیا، ذرائع کے مطابق یوسف رضا گیلانی اہم رہنماؤں کی ملاقاتیں آصف علی زرداری سے کروائیں گے تاکہ سندھ میں پیپلزپارٹی مخالف محاذ کو کمزور کیا جاسکے۔