شیخ محمد بن زید النیہان دورہ پاکستان مکمل کر کے واپس چلے گئے

Last Updated On 06 January,2019 11:54 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان اورابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زید النیہان کے درمیان ون آن ون ملاقات ہوئی جس میں ملکی معاشی صورتحال اور سرمایہ کاری سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں ملکوں کے درمیان وفود کی سطح پر بھی مذاکرات ہوئے جس کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے جس میں پاکستانی وفد کی قیادت وزیراعظم عمران خان اور یو اے ای وفد کی قیادت ولی عہد محمد بن زید النہیان نے کی۔ مذاکرات میں پاک متحدہ عرب امارات میں تعاون بڑھانے پر غور کیا گیا۔

وزیر اطلاعات فواد چودھری نے سرکاری ٹی وی سے گفتگو میں بتایا کہ یو اے ای کے ولی عہد پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں، دورے سے دونوں ملکوں کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ آئل ریفارنری کے قیام کے حوالےسے بات چیت حتمی مرحلے میں ہے۔

ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زید النیہان پاکستان کے دورے کے بعد وطن واپس روانہ ہو گئے۔ نور خان ایئربیس پر معزز مہمان کو دورے کا یادگاری البم پیش کیا گیا۔ وزیر توانائی عمر ایوب اور اعلیٰ حکام نے ابوظہبی کے ولی عہد کو الوداع کیا۔

پاکستان اور امارات کی قیادت کے درمیان تین ماہ میں ہونیوالا یہ تیسرا اعلیٰ سطح رابطہ ہے۔ دفتر خارجہ کے مطابق یو اے ای مشرق وسطیٰ میں پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے جبکہ وہاں مقیم 16 لاکھ پاکستانی سالانہ ساڑھے چار ارب ڈالر زرمبادلہ پاکستان بجھواتے ہیں۔ متحدہ عرب امارات پاکستان کے لیے تین ارب ڈالر کی خطیر امداد کا بھی اعلان کر چکا ہے۔

دونوں ملکوں کی جانب سے جاری مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ
پاکستان اور امارات نے فروری میں پاک دبئی مشترکہ وزارتی کمیشن پر بھی تبادلہ خیال کیا، یہ اجلاس دونوں ممالک کے درمیان زیر التوا معاہدوں اور ایم اویوز عمل درآمد کے لیے اہم ہوگا۔

اعلامیہ کے مطابق دونوں ممالک نے دفاع اور سیکیورٹی کے شعبے میں تعاون پر اطمنان کا اظہار کیا۔ دونوں ممالک نے دفاعی مشقوں، تربیت اور دفاعی شعبے میں تعاون کا عزم کیا۔

مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ وزیراعظم عمران خان نے نے یو اے ای کی طرف سے 2019ء کو برداشت کا سال قرار دینے پر سراہا۔ دونوں رہنماؤں نے دہشتگردی کی تمام اقسام کی مذمت کی اور اس کے خاتمے کے لیے مل کر کوششیں کرنے پر اتفاق کیا جبکہ ولی عہد ابوظہبی نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو سراہا۔

اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے خطے اور عالمی امور پر بھی بات چیت کی اور دو طرفہ تاریخی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

وزیراعظم عمران خان نے ولی عہد کو مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال سے بھی آگاہ کیا جبکہ دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعلقات اور سرمایہ کاری پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں ملکوں نے تجارت میں اضافے کے لیے ٹاسک فورس قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے یو اے ای کی طرف سے ادائیگیوں کے توازن کے لیے 3 ارب دینے پر شکریہ ادا کیا جبکہ تیل، گیس اور تعمیرات کے شعبوں میں یو اے ای کی دلچسپی کا خیر مقدم کیا۔