وزیراعظم عمران خان دو روزہ دورے پر ترکی پہنچ گئے

Last Updated On 03 January,2019 10:46 pm

انقرہ: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان دو روزہ دورے پر ترکی پہنچ گئے جہاں ان کی ترک صدر طیب اردگان، تاجروں اور ترک سرمایہ کاروں سے ملاقات ہوگی۔

ترکی پہنچنے پر قونیہ کے گورنر نے ایئرپورٹ وزیراعظم اور وفد کا استقبال کیا جبکہ اس موقع پر قونیہ کے مئیر اور پاکستانی سفیر بھی موجود تھے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر برائے منصوبہ بندی خسرو بختیار، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد اور سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ بھی وزیراعظم کے ہمراہ ترکی گئے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے بعد ازاں مولانا رومی کے مزار پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ مولانا رومی کا شمار معروف صوفی بزرگوں میں ہوتا ہے، مولانا رومی علامہ اقبال کے روحانی استاد تھے۔ انہوں نے کہا کہ ترکی کے ساتھ تہذیبی اور ثقافتی تعلقات صدیوں پر محیط ہیں۔

شیڈول کے مطابق وزیراعظم عمران خان دورہ ترکی کے دوران انقرہ میں بزنس کمیونٹی اور سرمایہ کاروں کی تقریب سے خطاب کریں گے اور کاروباری سرگرمیوں سے متعلق اجلاس میں شریک ہوں گے۔

وزیراعظم عمران خان جمعے کو ملت مسجد جائیں گے جہاں نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد ان کے اعزاز میں ترک صدر کی طرف سے استقبالیہ دیا جائے گا۔

وزیراعظم عمران خان کی ترک صدر طیب اردگان سے ون آن ون ملاقات بھی ہو گی جس کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس اور عشائیہ بھی دیا جائے گا۔

وزیراعظم عمران خان عشائیہ کے بعد ترک میڈیا کو انفرادی انٹرویو بھی دیں گے۔ شیڈول کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی دورہ ترکی سے واپسی جمعے کی شام کو ہو گی۔