حکومت کا فی الحال 172 افراد کا نام ای سی ایل سے نہ نکالنے کا فیصلہ

Last Updated On 02 January,2019 09:35 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری ہے، حکومت نے فوری طور پر 172 افراد کا نام ای سی ایل سے نہ نکالنے کا فیصلہ کرلیا، لسٹ میں شامل ہر شخص کا جائزہ لیا جائے گا، کابینہ نے معاملہ سپریم کورٹ بھجوانے کا فیصلہ کرلیا، اہم اجلاس میں جعلی اکاونٹس کیس سے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

 کابینہ اجلاس میں پاکستان اور چین کے مابین سزا یافتہ قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے، پاک جاپان دفاعی معاہدے کی منظوری دی جائے گی۔ اجلاس میں یونین کونسل چیئرمینوں کی رجسٹریشن اور غربت کے خاتمے کے حوالے سے رابطہ کونسل کے قیام، نرسنگ کونسل کے ممبران کی تعیناتی، دبئی ایکسپو کے لئے 50 لاکھ ڈالر کی گرانٹ، قائد اعظم مزار مینجمنٹ بورڈ کی از سر نو تشکیل، غیر معیاری سٹنٹس کا معاملہ کابینہ کے ایجنڈے میں شامل ہے جبکہ بی آر ٹی کے لئے فرنچ ڈویلپمنٹ ایجنسی کے 130 ملین یورو کے قرض کی منظوری دی جائے گی۔

کراچی ٹرانسفارمیشن کے لئے اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی کا معاملہ، وزارت سیفران کی جانب سے متاثرین قبائلی علاقہ جات کی بحالی کے لئے فنڈز کی منظوری پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، انٹیلی جنس بیورو کو سی ڈی اے کی جانب سے 32 کینال پلاٹ کی الاٹمنٹ کے سلسلے میں پہلی قسط کی فراہمی، وزارت اوورسیز اور آذربائیجان کے مابین افرادی ترقی کے حوالے سے معاہدے، زراعت کے شعبہ میں ایم او یو کی منظوری دی جائے گی۔

 

Advertisement