پشاور کار بم دھماکے سے تباہ عمارتوں کی مرمت کا کام جاری

Last Updated On 07 January,2019 12:48 pm

پشاور: (دنیا نیوز) پشاور میں کار بم دھماکے نے قریبی آبادی کو شدید نقصان پہنچایا، جس سے کئی گھر اور دکانیں تباہ ہو گئیں، شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت مرمتی اور تعمیراتی کام شروع کر دیئے۔

پشاور کے علاقے صدر کالی باڑی میں ہونے والے کار بم دھماکے سے جہاں قیمتی جانوں کا نقصان ہوا، وہیں قریبی رہائشی علاقے بھی اس سے شدید متاثر ہوئے، کئی دکانوں اور گھروں کے شیشے ٹوٹ گئے جبکہ دروازے اکھڑ گئے۔

دھماکے کے قریب 80 سالہ پرانی آبادی خزانچی احاطہ بھی قائم ہے، جس میں 25 کچے پکے چھوٹے مکانات ہیں، اس دھماکے نے 8 گھروں کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔

خزانچی احاطہ کے رہائشی نورالحق کے گھر کی بیرونی دیوارمکمل طور پر تباہ ہوگئی جبکہ گھر کو اندر سے بھی کافی نقصان پہنچا، شرجیل کا گھر تو رہنے کے قابل ہی نہ رہا۔

منتخب نمائندوں نے جائے وقوعہ کے دورے کے دوران اہل علاقہ سے تعاون کرنے اور مالی امداد کے وعدے تو کر لئے تاہم حکومت کی خاموشی نے انہیں اپنی مدد آپ کے تحت ہی مرمت اور تعمیراتی کام شروع کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔ خزانچی احاطہ کے رہائشیوں کا مطالبہ ہے کہ حکومت جلد از جلد ان مخدوش مکانات کی تعمیر میں ان کی مدد کرے۔
 

Advertisement