العزیزیہ ریفرنس: اپیلوں کی جلد سماعت کیلئے 2 رکنی بنچ آج معاملہ سنے گا

Last Updated On 09 January,2019 12:23 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی العزیزیہ ریفرنس میں سزا معطلی اور ضمانت کی اپیلوں کی جلد سماعت کیلئے دائر درخواست پر سماعت آج ہوگی، اسلام آباد ہائیکورٹ کا دو رکنی بنچ آج معاملہ سنے گا۔

سابق وزیر اعظم نواز شریف کے وکلاء نے احتساب عدالت کی طرف سے سزا کے فیصلہ پر اپیلوں کو جلد سماعت کیلئے مقرر کرنے کی درخواست دی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں دی گئی درخواست میں استدعا کی گئی کہ سزا کے خلاف اپیل کو جلد سماعت کیلئے مقرر کیا جائے اور سزا کو معطل کر کے نواز شریف کو ضمانت پر رہا کیا جائے۔

یاد رہے کہ نواز شریف کی رہائی کیلئے دائر درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ اور جسٹس محسن اخترکیانی پر مشتمل ڈویژن بینچ نے مرکزی اپیل کے ساتھ مناسب حکم جاری کرنے کا فیصلہ کیا تھا جس پر اب اپیل کی جلد سماعت کیلئے استدعا کی گئی ہے۔
 

Advertisement