وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جمعرات کو ہوگا

Last Updated On 09 January,2019 11:29 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جمعرات کو ہوگا، جس میں ای سی ایل میں شامل 172 افراد کے ناموں پر نظرثانی سے متعلق کمیٹی اپنی رپورٹ پیش کرے گی، بلاول بھٹو اور مراد علی شاہ کے نام ای سی ایل سے نکالنے کی منظوری دیئے جانے کا امکان ہے۔

وفاقی کابینہ کا اجلاس جمعرات کو ساڑھے 11 بجے وزیراعظم آفس اسلام آباد میں ہوگا۔ اجلاس میں پی آئی اے کے ڈائریکٹرز کے انتخاب اور ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی کو اضافی چارج دینے کے معاملے پر غور کیا جائے گا۔ پاکستان ٹوبیکو بورڈ کے موجودہ بورڈ آف ڈائریکٹرز کو توسیع دینے کا معاملہ بھی اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہے۔

وفاقی کابینہ نیشنل ٹیرف کمیشن کے ایک رکن کے انتخاب کے معاملے پر بھی غور کرے گی۔ نیشنل ڈیفنس کالج سلطنت عمان اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی پاکستان کےدرمیان باہمی مفاہمت کی یادداشت اور ایم ڈی کراچی شپ یارڈ کے تقرر کی بعد از تعیناتی منظوری بھی کابینہ اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہے۔ وفاقی کابینہ ایشیئن انفراسٹرکچرانوسٹمنٹ بینک کی چوتھی قسط کی ادائیگی کی منظوری بھی دے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں ای سی ایل میں شامل 172 افراد کے ناموں پر نظرثانی سے متعلق کمیٹی رپورٹ پیش کرے گی، جس کا جائزہ لینے کے بعد بلاول بھٹو زرداری اور مراد علی شاہ کے نام ای سی ایل سے نکالنے کی منظوری دیے جانے کا امکان ہے۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے بلاول بھٹو اور مراد علی شاہ کے نام ای سی ایل سے نکالنے کی ہدایت کی تھی۔
 

Advertisement