العزیزیہ ریفرنس: 10 روز میں نواز کی اپیل سماعت کیلئے مقرر کرنیکا حکم

Last Updated On 09 January,2019 03:36 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی العزیزیہ ریفرنس میں 7 سال قید اور جرمانے کے خلاف اپیل کی سماعت 10 روز کے اندر شروع ہو جائے گی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے جلد سماعت کی درخواست پر احکامات جاری کر دیئے۔

سماعت کے آغاز پر نواز شریف کے معاون وکیل نے مؤقف اختیار کیا خواجہ حارث باہر گئے، تھوڑی دیر انتظار کرلیں۔ جسٹس عامر فاروق نے کہا جلد سماعت کی استدعا ہے، آپ ہی بتا دیں، تاہم معاون وکیل نے اصرار کیا خواجہ حارث آئیں تو خود بات کریں گے۔ اس پر عدالت نے سماعت بغیر کارروائی ایک گھنٹہ کیلئے موخر کر دی۔

سماعت دوبارہ شروع ہوئی تو نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے اپیل کی جلد سماعت کیلئے دلائل دیئے۔ عدالت نےحکم جاری کیا کہ نواز شریف کی درخواست منظور کی جاتی ہے، سزا کے خلاف اپیل 10 روز میں سماعت کے لئے مقرر کی جائے۔

یاد رہے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے وکلاء نے احتساب عدالت کی طرف سے سزا کے فیصلہ پر اپیلوں کو جلد سماعت کیلئے مقرر کرنے کی درخواست کی تھی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں دی گئی درخواست میں استدعا کی کہ سزا کے خلاف اپیل کو جلد سماعت کیلئے مقرر کیا جائے اور سزا کو معطل کر کے نواز شریف کو ضمانت پر رہا کیا جائے۔

واضح رہے کہ نواز شریف کی رہائی کیلئے دائر درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ اور جسٹس محسن اخترکیانی پر مشتمل ڈویژن بینچ نے مرکزی اپیل کے ساتھ مناسب حکم جاری کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
 

Advertisement