آزاد کشمیر اسمبلی: بھارتی جارحیت کیخلاف سلامتی کونسل اجلاس بلانے کا مطالبہ

Last Updated On 10 January,2019 07:42 pm

آزاد کشمیر: (دنیا نیوز) آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی نے کنٹرول لائن پر بھارت کی فائرنگ اور سول آبادی کو نشانہ بنانے کی مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ خطے کے امن کو بچانے کے لیے اپنے دستور کے باب 7 کے تحت سفارتی اور فوجی اقدامات کرے۔

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی نے کنٹرول لائن پر بھارتی جارحیت کو خطے کے امن کے لیے شدید خطرہ قرار دیتے ہوئے فوری طور پر سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا ہے۔

ممبران اسمبلی کا کہنا تھا کہ بھارت میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت سیاسی اور انتخابی مقاصد حاصل کرنے کے لیے مسلم دشمنی میں ہندو انتہا پسندی کو پروان چڑھا کر جنگی جنون کو ہوا دینے کے اپنے طے شدہ منصوبے پر عمل پیرا ہے۔

اجلاس میں پیش کی گئی ایک قراداد میں بھارت کی طرف سے وزیراعظم پاکستان عمران خان کی مذاکرات کی پیش کش مسترد کرنے پر شملہ معاہدے کو ختم کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔