راجہ پرویز کا گاڑی کی ٹکر سے جاں بحق اہلکار کی مالی معاونت نہ کرنیکا انکشاف

Last Updated On 11 January,2019 02:29 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کا گاڑی کی ٹکر سے جاں بحق پولیس اہلکار کی مالی معاونت نہ کرنے کا انکشاف ہوا ہے، متوفی کے والد نے سول عدالت میں 2 کروڑ روپے کا دعوی دائر کر دیا۔ عدالت نے سابق وزیراعظم کو 17 جنوری کو پیشی کا نوٹس جاری کر دیا۔

متوفی پولیس اہلکار ذیشان عباسی کے والد نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ ان کا بیٹا گھر کا واحد کفیل تھا، جو راجہ پرویز اشرف کی گاڑی کی ٹکر سے جاں بحق ہو گیا، راجہ پرویز اشرف نے تسلیم کیا کہ ٹکرمارنے والی گاڑی انہی کی تھی۔

امجد عباسی ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ حادثہ نہ ہوتا تو متوفی کے خاندان کو 60 سال میں 2 کروڑ تک آمدنی ہو سکتی تھی، گاڑی کا مالک ہونے کی وجہ سے تمام رقم بھی پرویز اشرف کو ادا کرنی ہے۔ عدالت راجہ پرویز اشرف کو 2 کروڑ روپے ادا کرنے کا حکم دے۔
 

Advertisement