راولپنڈی: آتشزدگی سے دلہن سمیت 5 خواتین جاں بحق

Last Updated On 15 January,2019 09:28 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) راولپنڈی کے علاقے سکستھ روڈ کے قریب شادی والے گھر میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، دلہن سمیت پانچ خواتین جھلسنے اور دم گھٹنے سے موقع پر دم توڑ گئیں۔ عینی شاہدین کے مطابق ریسکیو 1122 کی ٹیمیں تاخیر سے پہنچیں، پہلی گاڑی میں پانی ہی نہیں تھا۔

اہل خانہ کے مطابق آگ ایک کمرے میں لگی جس نے منٹوں میں پورے گھر کو لپیٹ میں لے لیا۔ دلہن ثنا کے علاوہ 14 سالہ حنا، 20 سالہ حفظہ اور پچیس سالہ مناہل جھلسنے اور دم گھٹنے سے جاں بحق ہو گئیں جبکہ 22 سالہ نینا ہسپتال میں دم توڑ گئی۔

گھر کے مالک چودھری ناصر کا کہنا تھا ان کی بھتیجی کی بدھ کو مہندی اور جمعرات کو شادی تھی، وہ کام سے باہر گئے، پندرہ منٹ بعد لوٹے تو پورا گھر آگ کی لپیٹ میں تھا۔

شادی کی وجہ سے گھر میں کافی مہمان تھے، ریسکیو اہلکار دیر سے پہنچے، لوگ خود ہی پھنسے ہوئے افراد کو نکالتے اور آگ بجھانے کی کوشش کرتے رہے۔

ریسکیو 1122 نے جاں بحق ہونے والی خواتین کی میتیں بے نظیر بھٹو ہسپتال منتقل کیں جو پولیس نے ابتدائی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دیں۔

Advertisement