67 فیصد افراد کی وزیر اعظم بارے مثبت سوچ: حبیب اکرم

Last Updated On 02 February,2019 11:09 am

لاہور: (روزنامہ دنیا) دنیا نیوز کے پروگرام 'اختلافی نوٹ ' میں ایک عوامی سروے کیا گیا جو معروف صحافی حبیب اکرم نے کیا ہے۔ جس کا سوال تھا کہ ’کیا وزیر اعظم عمران خان اپنے وعدے پورے کر رہے ہیں ؟۔

حبیب اکرم نے پروگرام میں میزبان ام رباب سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اس سروے کے نتائج بڑے دلچسپ رہے ہیں، لاہور، اسلام آباد اور راولپنڈی کے نتائج کو اکٹھا کیا جائے تو 67 فیصد لوگ آج بھی عمران خان کے بارے میں مثبت سوچ رکھتے ہیں، تینوں شہروں کے مجموعی طور پر 44 فیصد لوگ کہتے ہیں کہ وعدے پورے ہو رہے ہیں، 33 فیصد کا کہنا ہے وعدے پورے نہیں ہو رہے اور 23 فیصد لوگوں کو امید ہے عمران خان وعدے پورے کریں گے۔

راولپنڈی کے 51 فیصد شہری یہ سمجھتے ہیں کہ عمران خان وعدے پورے کر رہے ہیں جبکہ 25 فیصد لوگوں کا خیال ہے کہ وزیر اعظم وعدے پورے نہیں کر رہے، 24 فیصد لوگ پر امید ہیں۔

اسلام آباد کے 63 فیصد شہری سمجھتے ہیں عمران خان نے جو کہا تھا اس پر عمل کر رہے ہیں 23 فیصد افراد کہتے ہیں عمل نہیں ہو رہا جبکہ 14 فیصد کو توقع ہے کہ عمران خان آگے چل کر یہ وعدے پورے کریں گے۔

لاہور میں یہ صورتحال بالکل برعکس ہے لاہور میں صرف 24 فیصد لوگ سمجھتے ہیں عمران خان نے جو کہا تھا اس پر عمل ہو رہا ہے اور 50 فیصد لوگ یہ کہتے ہیں کہ عمران خان اپنے وعدے بھول چکے ہیں یا ان پر عمل نہیں کر رہے۔ 26 فیصد لوگ پر امید ہیں۔

تجزیہ کار، قانون دان سعد رسول نے اس حوالے سے کہا کہ اس سروے سے دو تین پیغام ملتے ہیں، مجموعی طور پر 50 فیصد لوگوں کا خیال ہے کہ عمران خان وعدے پورے کر رہے ہیں، 33 فیصد لوگ سمجھتے ہیں عمران خان وعدے پورے نہیں کر رہے۔ عمران خان اور پی ٹی آئی کو اس سے سبق لینا چاہئے کہ 50 فیصد سے زیادہ لوگوں کا خیال ہے کہ عمران خان کی ٹیم ٹھیک نہیں عمران خان کی ساکھ اپنی جگہ لیکن ان کی ٹیم کی ساکھ ایسی نہیں ہے، بہتر ہوگا پی ٹی آئی اپنی ٹیم پر نظر ثانی کرے۔
 

Advertisement