چیئرمین میونسپل کمیٹی صفدر آباد و کونسلرز کی پی ٹی آئی میں شمولیت

Last Updated On 02 February,2019 10:46 am

لاہور: ( روزنامہ دنیا) سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ ملکی سیاست ٹی 20 یا ون ڈے نہیں بلکہ ٹیسٹ میچ ہے اور انشا اللہ ہم جم کر کھیلیں گے، عمران خان کے چوکوں، چھکوں سے اپوزیشن چاروں شانے چت ہوگی اور پی ٹی آئی اپوزیشن کی وکٹیں اڑانے کا سلسلہ جاری رکھے گی۔

عبدالعلیم خان سے چیئرمین میونسپل کمیٹی صفدر آباد، خالد محمود بھٹی نے کونسلرز اور اپنے پینل کے ہمراہ ملاقات کر کے غیر مشروط طور پر تحریک انصاف میں شامل ہونے کا اعلان کیا ہے۔ پی پی 143 خانقاہ ڈوگراں سے صوبائی اسمبلی کے الیکشن میں 150 ووٹوں کی کمی سے رنر اپ رہنے والے سرفراز ڈوگر، سیف اللہ مغل، راشد جٹ، مہر مدثر اقبال، شیخ امجد اور ڈاکٹر عباس نے عبدالعلیم خان سے ملاقات کی اور تحریک انصاف کے کھلاڑی بن گئے۔

سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے پارٹی میں شامل ہونے والوں کو خوش آمدید کہا اور گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 10 سال سے پنجاب میں اندھیر نگری مچانے والوں کو آج بہت کچھ یادآ رہا ہے، گڈ گورننس کے نام پر پنجاب کا حلیہ بگاڑ دیا گیا، موجودہ حکومت بڑے آپریشن کرنے جا رہی ہے جس میں بہت کچھ بدلنا ہوگا۔ اس موقع پر سرفراز ڈوگر اور خالد محمود نے سینئر وزیر عبدالعلیم خان کو خانقاہ ڈوگراں اور صفدر آباد کے دورے کی دعوت دی اور اُن کے بھرپور تعاون کا شکریہ ادا کیا۔

دریں اثنا سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے گورنمنٹ میاں میر ہسپتال کے بارے میں سامنے آنے والی متعدد عوامی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری ہیلتھ پنجاب کو جلد اس ادارے کو مکمل فعال کرنے کی ہدایت کی۔
 

Advertisement