ہیلتھ کارڈ سے نواز شریف کو بھی مستفید کریں گے، فواد چودھری

Last Updated On 04 February,2019 10:44 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی حکومت نے صحت کارڈ کا اجرا کر دیا۔ وزیر اطلاعات فواد چودھری کہتے ہیں کہ ہیلتھ کارڈ سے نواز شریف کو بھی مستفید کریں گے، ان کے ٹیسٹ میں این آر او کی کمی پائی گئی جبکہ آصف زرداری کا زیادہ وقت لندن اور دبئی میں گزرتا ہے، تھر کے بچوں کی ذمہ داری بھی ہم نے لے لی ہے۔

اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر صحت عامر کیانی نے بتایا کہ ہیلتھ کارڈ کے ذریعے ہسپتال جانے کے لیے 1 ہزار کرایہ جبکہ فوتگی کی صورت تدفین کے لیے اہلخانہ کو 10 ہزار روپے بھی دئیے جائیں گے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پہلے مرحلے میں اسلام آباد اور فاٹا کے لوگ سہولت سے مستفید ہونگے جبکہ 2020ء تک ہیلتھ کارڈ کا دائرہ کار پورے ملک تک بڑھا دیا جائے گا۔ میڈیا ورکرز اور فنکاروں کے لیے بھی ہیلتھ کارڈ کا اجرا کیا جائے گا۔

اس موقع پر وزیر اطلاعات فواد چودھری نے سابق وزیراعظم اور صدر پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کو بھی ہیلتھ کارڈ سے مستفید کریں گے، ان کے ٹیسٹ میں این آر او کی کمی پائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کا زیادہ وقت لندن اور دبئی میں گزرتا ہے، تھر کے بچوں کی ذمہ داری بھی ہم نے لے لی ہے۔